’سکیور نیبرہڈ‘ سروے: اسلام آباد کو محفوظ بنانے کے لیے شہریوں کو کون کون سی معلومات شیئر کرنا ہوں گی
جمعہ 14 نومبر 2025 12:22
صالح سفیر عباسی، اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے رہائشی اب نہ صرف اپنا ڈیٹا ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو فراہم کریں گے بلکہ شہر میں چلنے والی تمام گاڑیوں اور موٹرسائیکلز کے علاوہ داخل ہونے والی وہیکلز کی بھی اب ای ٹیگنگ ہو گی۔
گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، ڈپٹی کمشنرعرفان نواز میمن اور آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے بتایا کہ جوڈیشل کمپلیکس خودکش دھماکے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ’سکیور نیبرہڈ‘ سروے کا آغاز کیا جائے گا۔
اس سروے کے تحت شہریوں سے ذاتی معلومات حاصل کی جائیں گی کہ کس گھر میں کون رہائش پذیر ہے اور ساتھ ہی اگلے مرحلے میں گاڑیوں کی ای ٹیگنگ پر بھی کام ہوگا۔
اردو نیوز نے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس شہر کو محفوظ بنانے کے لیے ان اقدامات کو کیسے ممکن بنائے گی۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ’آئی سی ٹی ہاؤس ہولڈ سروے‘ کے نام سے ایک ایپ تیار کی ہے جو پلے سٹور یا ایپل سٹور سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔
اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن کا کہنا ہے کہ شہری یہ ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے اپنی رجسٹریشن کا آغاز کر سکتے ہیں۔
شہریوں کو کون سی معلومات فراہم کرنا ہوں گی؟
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گھر کے تمام افراد اپنا نام، پتا اور شناختی کارڈ نمبر اس موبائل ایپ میں درج کریں گے۔ اس کے ساتھ ہئ گھر میں کام کرنے والا تمام عملے کا ریکارڈ بھی ایپ میں درج کریں گے۔
اسی طرح ایپ میں یہ تفصیلات بھی شامل کرنا ہوں گی کہ آیا آپ جس گھر میں رہ رہے ہیں وہ آپ کی اپنی ملکیت ہے یا آپ کرایہ دار ہیں۔
اسی طرح 17 نومبر سے ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں اسلام آباد کے تمام گھروں کا دورہ کریں گی اور وہاں جا کر چیک کریں گی کہ کس کس کا ڈیٹا ایپ میں موجود ہے اور کس کا نہیں۔ ڈی سی اسلام آباد نے میڈیا کو بتایا کہ جو ٹیمیں وزٹ کریں گی ان کے پاس ٹیبلٹس ہوں گے جن میں یہ ایپ انسٹال ہوگی اور وہ موقع پر ہی ڈیٹا انٹری کر سکیں گی۔
تاہم جن شہریوں نے اپنا ڈیٹا پہلے ہی انٹر کروا دیا ہوگا، ان کو دوبارہ انٹری کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ ڈیٹا گوگل پر بنایا گیا ہے اور گوگل میپ پر اسلام آباد کے ہر گھر کا لوکیشن پوائنٹ نظر آئے گا جس سے معلوم ہو سکے گا کہ کس گھر کا ڈیٹا ریکارڈ میں آ چکا ہے اور کس کا نہیں۔
گاڑیوں اور موٹرسائیکلز کی ای ٹیگنگ
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ایک سے دو روز میں اسلام آباد میں گاڑیوں کی ای ٹیگنگ سے متعلق حتمی طریقہ کار سامنے آ جائے گا اور شہریوں کو یہ بھی بتا دیا جائے گا کہ وہ اپنی گاڑیوں اور موٹرسائیکلز پر ای ٹیگ یا ایم ٹیگ کہاں سے لگوا سکیں گے۔
تاہم اس بارے میں جب اردو نیوز نے ضلعی انتظامیہ کے حکام سے بات کی تو اُنہوں نے بتایا کہ فی الحال اس پلان کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ضلعی انتظامیہ ہی ای ٹیگنگ کرے گی لیکن دیگر محکموں بالخصوص ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ اور ٹریفک پولیس سے بھی مدد لی جا سکتی ہے۔
ای ٹیگ کی سہولت شہر میں مختلف مقامات پر موجود ہو گی جہاں شہری اپنی گاڑیوں اور موٹرسائیکلز پر ٹیگ لگوا سکیں گے۔
اس سوال کے جواب میں کہ کیا اسلام آباد کے باہر سے آنے والی گاڑیاں بھی ای ٹیگنگ کروائیں گی؟ حکام کا کہنا تھا کہ وہ گاڑیاں جو اسلام آباد میں داخل ہوتی ہیں، ان کے لیے بھی ای ٹیگ یا ایم ٹیگ لگوانا ضروری ہوگا۔ تاہم جو گاڑیاں صرف کبھی کبھار آتی ہیں، شاید ان کے لیے یہ لازمی نہ قرار دیا جائے۔
اردو نیوز نے اس حوالے سے ماہرین سے بھی بات کی اور یہ جاننے کی کوشش کی کہ ضلعی انتظامیہ کی تجویز کردہ اس سروس پر عمل درآمد کتنا مشکل یا آسان ہوگا اور اس کے کیا فوائد اور نقصانات ہو سکتے ہیں۔
اسلام آباد پولیس کے ریٹائرڈ ایس ایس پی سید فرحت عباس کاظمی نے اردو نیوز کو بتایا کہ اسلام آباد میں شہریوں کی رجسٹریشن کی سکیمیں پہلے بھی آتی رہی ہیں اور اس حوالے سے انتظامیہ اور پولیس کے پاس پہلے ہی مناسب ڈیٹا موجود ہے۔ اس بار جو اچھا اضافہ کیا گیا ہے وہ ڈیٹا کو ایپ پر منتقل کرنے کا ہے جو ڈیجیٹلائزیشن کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ اس سے ڈیٹا دینے والے اور ڈیٹا لینے والے دونوں کے لیے آسانی ہوگی۔
تاہم انہوں نے گاڑیوں کی ای ٹیگنگ کے حوالے سے کہا کہ ’اسلام آباد کے شہری چاہیں گے کہ وہ اپنی گاڑیوں کی ای ٹیگنگ کروائیں تاکہ سکیورٹی لائنوں سے آسانی سے گزر سکیں، تاہم اسلام آباد انتظامیہ ان گاڑیوں کے بارے میں کیا کرے گی جو روزانہ کے حساب سے اسلام آباد میں آتی ہیں اور پھر واپس چلی جاتی ہیں، میرے خیال میں اس عمل کو عام طور پر لازمی قرار دینے اور اس پر عمل درآمد کرنا آسان نہیں ہوگا اور اس میں کچھ پیچیدگیاں سامنے آئیں گی۔‘
دوسری جانب سینیئر وکیل اور فوجداری مقدمات پر کام کا وسیع تجربہ رکھنے والے کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم نے بتایا کہ شہریوں کے گھروں میں کون رہتا ہے اور کون نہیں، اس قسم کا ڈیٹا پولیس یا ضلعی انتظامیہ کو فراہم کرنا اس لیے خدشے سے خالی نہیں ہے کیونکہ پاکستان میں شہریوں کا ڈیٹا لیک ہونا کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور دیگر اداروں کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ شہریوں کا فراہم کردہ ڈیٹا کسی طرح بھی لیک نہ ہو اور وہ صرف سرکاری و آفیشل مقاصد کے لیے استعمال ہو۔ اسی صورت میں پولیس کو شہریوں کی جانب سے فراہم کیا جانے والا ڈیٹا کلیکٹ کرنا چاہیے۔
اُنہوں نے ایسی مختلف مثالیں بھی دیں جب سرکاری اداروں کی جانب سے شہریوں کا ڈیٹا لیک کیا گیا، اور ان کیسز کا بھی ذکر کیا جب پولیس خود جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ ملوث ہوتی ہے۔
