Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سال 2026 میں موبائل فون اور لیپ ٹاپ کی قیمتوں میں اضافہ متوقع، وجہ کیا ہے؟

ٹیکنالوجی انڈسٹری سے منسلک ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس یعنی مصنوعی ذہانت کے استعمال میں اضافے کے باعث میموری چِپ کی سپلائی متاثر ہو سکتی جس کا براہ راست اثر الیکٹرانکس کی قیمتوں پر پڑے گا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آئندہ سال کے دوران صارفین کو موبائل فون، لیپ ٹاپس اور دیگر الیکٹرانکس کی قیمتوں میں اضافے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں ایسے ہارڈ ویئر میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں جو چیٹ جی پی ٹی جیسے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) ٹولز کو مزید ڈویلپ کرنے میں مدد فراہم کر سکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ہارڈ ویئر کی نہ ختم ہونے والی طلب کے باعث میموری چِپ تیار کرنے والی کمپنیوں نے جان بوجھ کر سپلائی کو روک کر رکھا ہوا ہے تاکہ قیمتوں کو متاثر ہونے سے بچایا جا سکے۔
چین کی موبائل فون کمپنی شاومی کے صدر لو ویبنگ کا کہنا ہے کہ میموری چپ کی سپلائی کو پورا کرنے کے لیے اس سال کے مقابلے میں سال 2026 میں بہت زیادہ دباؤ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ’ہر ایک شخص کو مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خوا اضافے کے تجربے سے گزرنا پڑے گا۔‘
سیمی کنڈیکٹر بنانے والی کمپنی ’انجینویٹی‘ کے سربراہ ویلیم کیٹنگ کے مطابق ’کمپیوٹر، سمارٹ فونز اور سرورز وغیرہ بنانے والی تمام کمپنیاں سپلائی میں کمی سے متاثر ہوں گی۔‘
انہوں نے خبردار کیا کہ اس کا نتیجہ یہی ہوگا کہ صارفین کو زیادہ قیمت ادا کرنا پڑے گی۔
میموری چپ ’ڈی آر اے ایم‘ اور ڈیٹا سٹور کرنے والا حصہ ’این اے این ڈی‘ کی بہت زیادہ طلب پائی جاتی ہے جو تقریباً ہر گیجٹ میں استعمال کیا جاتا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی یہ اے آئی کو ڈیٹا پروسیس کرنے میں بھی مدد فراہم کرتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ میموری چپ کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اس کے ساتھ ہی چپ تیار کرنے والی کمپنیوں جیسے جنوبی کوریا کی سام سنگ اور ایس کے ہائینکس جبکہ امریکہ کی مائیکرون اور سان ڈسک کے منافع میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔
سام سنگ کمپنی نے اتوار کو کہا تھا کہ بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے جنوبی کوریا میں سیمی کنڈیکٹر کا ایک نیا پلانٹ لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
گاڑیوں کی قیمتوں کے متاثر ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ ولیم کیٹنگ کا کہنا ہے کہ گاڑیوں میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی کا محدود حصہ میموری چپ پر منحصر ہے۔
میموری چپ بنانے والی چین کی سب سے بڑی کمپنی ایس ایم آئی سی کا کہنا ہے کہ صارفین آرڈر دیتے ہوئے ہچکچاہٹ کا شکار ہیں جس کی بنیادی وجہ بے یقینی ہے کہ کیا میموری چپ انڈسٹری موبائل فون، گاڑیاں اور دیگر مصنوعات طلب کے مطابق تیار کر سکے گی۔

 

شیئر: