فرح خان کا یوٹیوب چینل چل پڑا، ’پورے کیریئر کی کمائی سے زیادہ آمدنی ہوئی‘
فرح خان کی یوٹیوب ویڈیوز وائرل ہوتی ہیں (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وُڈ کی معروف کوریوگرافر اور فلم ساز فرح خان نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ یوٹیوب پر وِلاگنگ سے انہیں غیر معمولی آمدنی ہوئی ہے۔
فرح خان کے مطابق انہوں نے اپنی پوری فلمی کیریئر میں ایک سال میں بھی اتنے پیسے نہیں کمائے جتنے یوٹیوب پر ولاگنگ کے بعد حاصل کیے ہیں۔
فرح خان کے یوٹیوب ولاگز بے حد مقبول ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنے والے ان کے باورچی دلیپ بھی شائقین میں خاصی شہرت حاصل کر چکے ہیں۔
سوہا علی خان کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے فرح خان نے بتایا کہ ان کی ٹیم کے مسلسل اصرار پر انہوں نے یوٹیوب چینل کا آغاز کیا اور اسے کھانے اور پکوان سے متعلق مواد پر مبنی رکھا۔
انہوں نے کہا کہ یوٹیوب پر انہیں مکمل آزادی حاصل ہے کیونکہ نہ کوئی او ٹی ٹی پلیٹ فارم، ٹی وی چینل یا پروڈکشن ہاؤس انہیں بتاتا ہے کہ کیا دکھانا ہے یا کس مہمان کو بلانا ہے۔
فراح خان کا کہنا تھا کہ انہیں ہمیشہ اس درجہ بندی سے نفرت رہی ہے جس میں کسی مہمان کو ’اے لسٹر‘ اور دوسرے کو کم تر سمجھا جاتا ہے۔ یوٹیوب پر کامیابی کے بعد انہیں سلور پلے بٹن بھی مل چکا ہے۔
فراح خان نے بتایا کہ وہ گزشتہ گیارہ سال سے فلم ڈائریکشن سے دور ہیں اور یوٹیوب اس لیے شروع کیا تاکہ اپنے تین بچوں کی یونیورسٹی کی تعلیم کا خرچ پورا کر سکیں۔
انہوں نے اپریل 2024 میں اپنی پہلی ویڈیوز پوسٹ کیں جن میں وہ اپنے باورچی دلیپ کے ساتھ کھانا بناتی نظر آئیں۔ یہ سلسلہ جلد ہی مقبول ہوگیا اور دیکھتے ہی دیکھتے لاکھوں افراد نے ان کا چینل سبسکرائب کر لیا۔
آج فرح خان کے یوٹیوب پر تقریباً 30 لاکھ سبسکرائبرز اور انسٹاگرام پر 45 لاکھ فالوورز موجود ہیں۔ پروگرام ’ٹو مچ ود کاجول اینڈ ٹوئنکل‘ میں 60 سالہ فرح نے کہا کہ یہی حالات اور ضروریات تھیں جنہوں نے انہیں یوٹیوب کی دنیا میں قدم رکھنے پر مجبور کیا۔
