صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اسرائیل کو شام میں ’مداخلت‘ نہ کرنے کا انتباہ
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اسرائیل کو شام میں ’مداخلت‘ نہ کرنے کا انتباہ
پیر 1 دسمبر 2025 21:40
ایک برس قبل احمد الشرع کے اتحاد نے شام کے دیرینہ حکمراں بشار الاسد کو معزول کیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ شام اور اس کی نئی قیادت کو غیر مستحکم کرنے سے گریز کرے۔
یہ انتباہ اسرائیلی افواج کی جانب سے ملک کے جنوب میں ایک مہلک کارروائی کے چند روز بعد سامنے آیا ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر کہا کہ ’یہ بہت اہم ہے کہ اسرائیل شام کے ساتھ ایک مضبوط اور حقیقی مذاکرات کو برقرار رکھے اور کوئی ایسی چیز نہ ہو جو شام کی ایک خوشحال ریاست میں تبدیلی میں مداخلت کرے۔‘
امریکی صدر نے شام کے صدر احمد الشرع کی کارکردگی پر ’بڑے اطمینان‘ کا اظہار کیا جنہوں نے 10 نومبر 2025 کو وائٹ ہاؤس کا ایک تاریخی دورہ کیا تھا۔
ایک برس قبل جب احمد الشرع کے اتحاد نے شام کے دیرینہ حکمراں بشار الاسد کو معزول کیا تھا، تب سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیل اور شام کے درمیان ایک سکیورٹی معاہدے پر زور دے رہے ہیں۔
تاہم شام پر اسرائیل کے سینکڑوں حملوں کی وجہ سے حالیہ ہفتوں میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
احمد الشراع نے نومبر 2025 میں وائٹ ہاؤس کا ایک تاریخی دورہ کیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ان میں اب تک کی سب سے مہلک کارروائی میں اسرائیلی افواج نے جمعے کو جنوبی شام میں ایک آپریشن میں 13 افراد کو ہلاک کر دیا تھا جن کے بارے میں اسرائیل کا کہنا تھا کہ وہ ایک شدت پسند گروپ کو نشانہ بنا رہے تھے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ احمد الشرع ’اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پوری تندہی سے کام کر رہے ہیں کہ اچھے واقعات رونما ہوں اور یہ کہ شام اور اسرائیل دونوں کے درمیان ایک طویل اور خوشحال تعلقات قائم ہوں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ ’اپنی تمام تر کوششیں کر رہا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ شام کی حکومت جنگ زدہ ملک کی تعمیر نو کے لیے جو کچھ مطلوب ہے، وہ کرتی رہے۔‘
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ شام اور اسرائیل کے درمیان اچھے تعلقات اکتوبر میں غزہ کی نازک جنگ بندی کے بعد مشرق وسطیٰ میں وسیع تر امن کے لیے ان کی کوششوں میں اضافہ کریں گے۔