Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: پہاڑوں کی اہمیت اور ماحولیاتی نظام پر پاکستانی سفارت خانے میں تقریب

تقریب میں سفارت کاروں، سول سوسائٹی کے اراکین، کوہ پیماؤں اور فنکاروں نے شرکت کی۔ (فوٹو: پاکستانی سفارت خانہ)
پاکستان کے سفارت خانے نے اقوام متحدہ کے سیاحتی دفتر کے تعاون سے ریاض میں بین الاقوامی یومِ پہاڑ کی ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا۔
اس تقریب میں سفارت کاروں، سول سوسائٹی کے اراکین، کوہ پیماؤں اور فنکاروں نے شرکت کی تاکہ عالمی سطح پر اور پاکستان میں ماحولیاتی نظام کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔
پاکستانی سفارت خانے کی پریس ریلیز کے مطابق تقریب کا آغاز ’ماؤنٹینز آف پاکستان‘ پر ایک مختصر دستاویزی فلم کے ساتھ ہوا جس میں پاکستان کے پہاڑوں کی خوبصورتی اور ماحولیاتی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
تقریب سے خطاب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے پانی، خوراک اور روزگار کے حوالے سے پہاڑوں کے اہم کردار پر زور دیا۔
انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث گلیشیئر کے پگھلنے اور متعلقہ مسائل کے چیلنجز کی جانب بھی توجہ دلائی۔
پروگرام میں اقوام متحدہ کے سیاحتی دفتر کے ڈائریکٹر نے پہاڑوں کے ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
اس کے علاوہ ایک اور مختصر دستاویزی فلم ’سپرٹ آف ماؤنٹینیئرنگ‘ بھی پیش کی گئی، جو پاکستان کے کوہ پیماؤں کی ہمت، صبر اور کامیابیوں کے بارے میں تھی۔
پاکستان کی مشہور کوہ پیما اور ماحولیاتی حقوق کی علمبردار نائلہ کیانی بھی شریک تھیں جنہوں نے کے ٹو اور ناننگا پربت سمیت دنیا کی بلند ترین چوٹیاں سر کرنے کے اپنے تجربات شیئر کیے۔
سفیر فروخ عامل نے پاکستان کی پہاڑی وراثت اور تحفظ و سیاحت کو فروغ دینے کے جاری اقدامات پر روشنی ڈالی۔
معروف لینڈ سکیپ اور نیچر فوٹوگرافر اویس علی نے بھی تقریب میں شریک تھے۔
تقریب کا اختتام اویس علی کی پہاڑوں کی فوٹوگرافی کی نمائش کے ساتھ ہوا۔

شیئر: