شوبز ایک ایسی حیرت انگیز بستی ہے جہاں پہنچنے والے چند ہی لمحوں میں سٹار بھی بن سکتے ہیں اور برسوں گمنام بھی رہ سکتے ہیں، تاہم اس میں ایسے کردار بھی ہیں، جن کا نام تو بنا مگر برقرار نہ رہ سکا۔
ایسے لوگ کسی بڑے بریک تھرو کی تلاش میں رہتے ہیں اور 2025 میں یہ چانس بالی وڈ کے بعض چہروں کو ملا جس کو ’کمال کی واپسی‘ قرار دیا جا رہا ہے۔
انڈین ٹریبیون نے ایسے فنکاروں کی فہرست شائع کی ہے جنہوں نے رواں برس بڑے بھرپور انداز میں کم بیک کیا اور اس فہرست میں سب سے اوپر سپرہٹ جانے والی فلم ’دھورندر‘ کا ذکر بھی ملتا ہے۔
مزید پڑھیں
-
کپل شرما کا 500 روپے ماہانہ آمدن سے 300 کروڑ روپے تک کا سفرNode ID: 898316
اکشے کھنہ بطور ’رحمان ڈکیت‘
ایک سٹار کڈ ہونے کے باوجود اکشے کھنہ وہ چارم سمیٹ نہیں پائے تھے جو عام طور پر بڑے نام کے فنکاروں کے بچوں کو حاصل ہوتا ہے۔
یقیناً وہ اپنے والد ونود کھنہ کی وجہ سے شوبز میں آئے اور تقریباً تین دہائیوں تک کام کیا، اس دوران کافی یادگار کردار بھی نبھائے اور بعض لوگ ان کو ’ورسٹائل‘ اداکار بھی قرار دیتے رہے مگر رہے وہ ایک کونے میں ہی۔
ان کی قسمت کا ستارہ رواں برس اس وقت چمکا جب پچھلے مہینے اور کئی سو کروڑ کی کمائی کرنے والی فلم ’دھورندر‘ ریلیز ہوئی۔
اگرچہ وہ اس فلم میں ہیرو کا کردار نہیں نبھا رہے بلکہ ولن ہیں اور اصل ہیرون رنویر سنگھ ہیں تاہم وہ ان سے زیادہ توجہ لے گئے۔
یہ فلم پاکستان میں بھی بہت زیر بحث ہے کیونکہ اس میں کراچی کا علاقہ لیاری دکھایا گیا ہے جبکہ اس میں شامل ’رحمان ڈکیت‘ اور ’چوہدری اسلم‘ کے کردار بھی حقیقی طور پر موجود رہے ہیں۔

اس کو متنازع اور پروپیگنڈہ فلم بھی قرار دیا جا رہا ہے تاہم یہ اکشے کھنہ کے لیے ایک ایسا ہما ثابت ہوئی ہے جو 2025 میں سیدھا آ کر ان کے سر پر بیٹھا۔
یامی گوتم اور ’حق‘
یہ بھی بالی وڈ کی باصلاحیت اداکارہ ہیں اور کافی برسوں سے میدان میں ہیں تاہم اس دوران انہوں نے چند ہی ایسی فلموں میں کام کیا جنہوں نے توجہ حاصل کی ان میں ہریتک روشن کے ساتھ فلم ’قابل‘ بھی شامل ہے جبکہ ’اے فرائیڈے‘ اور ’بالا‘ جیسی مزید فلموں میں بھی کام کیا تاہم وہ فینز کی اس توجہ سے دور رہیں جو وہ صرف سپر سٹارز پر لٹاتے ہیں۔
2025 ان کے لیے بھی اس طرح سے خوش قسمت رہا کیونکہ اس میں ان کی فلم ’حق‘ ریلیز ہوئی جس نے انہیں دیکھتے ہی دیکھتے اگلی صفوں میں پہنچا دیا ہے اور انہوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ گلیمریس ہی نہیں سنجیدہ کردار نبھانا بھی جانتی ہیں۔ عمران ہاشمی بھی اس فلم کا حصہ ہیں اور یہ شاہ بانو نام کی خاتون کی حقیقی کہانی پر مبنی ہے۔

یہ فلم بھی کروڑوں کا بزنس کر چکی ہے اور اب بھی سنیما گھروں کی زینت ہے۔
وکی کوشل کی ’چھاوا‘
انڈیا کے ایک تاریخی جنگجو کی زندگی پر بنی فلم ’چھاوا‘ 2025 کی اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ہے۔
اس میں وکی کوشل نے چھترپتی سمبھاجی مہاراجہ کا کردار نبھایا ہے۔
وکی کوشل بھی کافی برس سے انڈسٹری میں ہیں اور ’بیڈ نیوز‘، ’ذرا ہٹ کے ذرا بچ کے‘، ’اری‘، ’بھوت‘ اور دیگر فلموں میں کام کر چکے ہیں تاہم ان کا کیریئر ٹھنڈا پڑتا دکھائی دے رہا تھا اور ’چھاوا‘ کی کامیابی نے ان کو سپر سٹارز کی فہرست میں لا کھڑا کیا ہے۔

ہما قریشی اور ’دہلی کرائم تھری‘
ہما قریشی بھی کافی عرصے سے شوبز انڈسٹری میں ہیں اور کچھ فلموں میں کام کر چکی ہیں تاہم 2025 کے دوران نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی سیریز ’دہلی کرائم تھری‘ نے ان کے کیریئر کو ٹاپ گیئر لگا دیا ہے۔
انہوں نے اس میں ایک انتہائی خطرناک انسانی سمگلر ’بڑی دیدی‘ کا کردار نبھایا ہے اگرچہ یہ منفی کردار ہے تاہم ان کی پرفارمنس کو بہت سراہا جا رہا ہے اور اس کی بدولت وہ 2025 کے دوران انڈسٹری میں بھرپور کم بیک کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔
گلشن دیویا اور ’کنتارا‘ کا بادشاہ
گلشن دیویا بھی وہ اداکار ہیں جو بالی وڈ میں کافی برس گزارنے کے بعد 2025 میں یوں ابھرنے میں کامیاب رہے ہیں کہ سب کی نظر میں آ گئے ہیں۔
اس کی وجہ سال رواں میں ان کی ریلیز ہونے والی ’کنتارا‘ ہے۔ یہ بھی سال کے دوران سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلموں کی فہرست میں شامل ہے۔
انہوں نے اس میں ایک بادشاہ کا کردار نبھایا ہے جس کو فلم بینوں نے بہت پسند کیا۔
رندیپ ہودا کا ’جاٹ‘ سے سامنا













