بلوٹوتھ بار بار ڈس کنیکٹ کیوں ہوتا ہے اور اس کا حل کیا ہے؟
بلوٹوتھ بار بار ڈس کنیکٹ کیوں ہوتا ہے اور اس کا حل کیا ہے؟
اتوار 22 فروری 2026 17:54
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
بلوٹوتھ کنکٹیوٹی کے کئی ایک مسائل ہو سکتے ہیں (فائل فوٹو: پکسابے)
بلوٹوتھ ایک ایسی سہولت ہے جس کے بغیر اب گزارا مشکل ہے لیکن مسئلہ یہ ہے کہ کبھی یہ بالکل ٹھیک چلتا ہے اور کبھی اچانک ہیڈفون، ماؤس یا کی بورڈ بار بار ڈس کنیکٹ ہونے لگتے ہیں۔
ایکس ڈی اے ڈویلپر کے مطابق زیادہ تر لوگ بس بلوٹوتھ بند کر کے دوبارہ آن کر دیتے ہیں مگر اصل خرابی اکثر کہیں اور ہوتی ہے۔ اچھی خبر یہ ہے کہ مسئلہ زیادہ پیچیدہ نہیں بلکہ صرف چند سیٹنگز اور اردگرد کے عوامل اس کی وجہ بنتے ہیں۔
سب سے پہلی وجہ یو ایس بی تھری پوائنٹ زیرو کی مداخلت ہو سکتی ہے۔
اگر آپ نے حال ہی میں ہائی سپیڈ ایس ایس ڈی یا یو ایس بی سی ہب لگایا ہے اور اس کے بعد بلوٹوتھ خراب ہوا ہے تو ممکن ہے یو ایس بی پورٹ سے نکلنے والا سگنل 2.4 گیگا ہرٹز فریکوئنسی میں خلل ڈال رہا ہو، جو وہی فریکوئنسی ہے جس پر بلوٹوتھ کام کرتا ہے۔
اس کا آسان حل یہ ہے کہ بلوٹوتھ ڈونگل کو یو ایس بی ٹو پوائنٹ زیرو پورٹ میں لگائیں یا ایک چھوٹی ایکسٹینشن کیبل کے ذریعے اسے دوسرے ڈیوائس سے تھوڑا دور کر دیں۔
دوسری بڑی وجہ ونڈوز کی پاور مینجمنٹ سیٹنگ ہو سکتی ہے۔ بعض اوقات ونڈوز بجلی بچانے کے لیے بلوٹوتھ اڈاپٹر کو سلیپ پر ڈال دیتا ہے، خاص طور پر جب آپ چند لمحوں کے لیے ماؤس یا کی بورڈ استعمال نہ کریں۔ اس مسئلے کے حل کے لیے ڈیوائس مینیجر میں جا کر بلوٹوتھ اڈاپٹر کی پاور سیٹنگ میں وہ آپشن بند کریں جو کمپیوٹر کو ڈیوائس بند کرنے کی اجازت دیتا ہے۔
تیسری وجہ اینڈرائیڈ فون کی بیٹری آپٹیمائزیشن ہے۔ اگر موبائل لاک کرتے ہی میوزک بند ہو جاتا ہے یا ہیڈفون ڈس کنیکٹ ہو جاتے ہیں تو دراصل فون بیٹری بچانے کے لیے بیک گراؤنڈ میں بلوٹوتھ سروس بند کر دیتا ہے۔ سیٹنگز میں جا کر بیٹری آپٹیمائزیشن میں بلوٹوتھ کو ’ڈونٹ آپٹیمائز‘ پر سیٹ کرنے سے یہ مسئلہ حل ہو سکتا ہے، البتہ اس سے بیٹری تھوڑی زیادہ استعمال ہو سکتی ہے۔
چوتھی وجہ وائی فائی کنجیشن یعنی سگنلز کا رش ہے۔ زیادہ تر سستے یا پرانے لیپ ٹاپ میں وائی فائی اور بلوٹوتھ ایک ہی کارڈ استعمال کرتے ہیں۔
اگر وائی فائی دو اعشاریہ چار گیگا ہرٹز بینڈ پر ہو تو دونوں سگنلز آپس میں ٹکرا سکتے ہیں (فائل فوٹو: پسکابے)
اگر وائی فائی 2.4 گیگا ہرٹز بینڈ پر ہو تو دونوں سگنلز آپس میں ٹکرا سکتے ہیں، خاص طور پر جب آپ ڈاؤن لوڈنگ یا سٹریمنگ کر رہے ہوں۔ بہتر ہے کہ راؤٹر کو فائیو گیگا ہرٹز یا سکس گیگا ہرٹز بینڈ پر منتقل کر دیا جائے تاکہ بلوٹوتھ کو صاف سگنل مل سکے۔
پانچویں اور آخری وجہ ملٹی پل (کئی سارے) کنیکشن کا مسئلہ ہے۔ اگر آپ کے ایئربڈز ایک ہی وقت میں فون، لیپ ٹاپ اور کسی اور ڈیوائس سے جڑنے کی کوشش کرتے رہیں تو کنیکشن کا عمل خراب ہو سکتا ہے۔ بہتر ہے کہ غیرضروری ڈیوائسز کو پیئرڈ لسٹ سے ہٹا دیں اور جن ڈیوائسز کی ضرورت نہ ہو ان میں بلوٹوتھ بند رکھیں۔
آخر میں یاد رکھیں، اکثر اوقات بلوٹوتھ خراب نہیں ہوتا بلکہ اردگرد کا ماحول یا سیٹنگز اسے متاثر کر رہی ہوتی ہیں۔ اگر ان تمام اقدامات کے بعد بھی مسئلہ برقرار رہے تو ممکن ہے ڈیوائس کا بلوٹوتھ ہارڈویئر پرانا یا کمزور ہو چکا ہو اور اسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہو۔