Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوگل کا یہ نیا اپ ڈیٹ اب آپ کے تمام میسجز باس تک پہنچا سکتا ہے

یہ صرف اُن فونز پر لاگو ہوتا ہے جو کمپنی کی جانب سے ملازمین کو دیے گئے ہوں۔ (فوٹو: پکسا بے)
فوربز کے مطابق مائیکروسافٹ نے حال ہی میں ایک نیا ٹیمز اپ ڈیٹ متعارف کرایا تھا جس میں کمپنیوں کو یہ بتانے کا فیچر شامل تھا کہ آپ کام پر موجود ہیں یا نہیں، اور اس پر شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا تھا۔
اب گوگل نے بھی کچھ ایسا ہی کیا ہے۔ اینڈ ٹو اینڈ اِنکرپشن کو ایک لمحے کے لیے بھول جائیں، اینڈرائیڈ کے نئے اپ ڈیٹ کے بعد آپ کے RCS اور SMS پیغامات پہلے جیسے نجی نہیں رہے۔ 
ویب سائٹ اینڈرائڈ اتھارٹی کے مطابق، ’گوگل اینڈرائیڈ پر RCS آرکائیول کا فیچر Pixel اور دیگر اینڈرائیڈ فونز پر جاری کر رہا ہے، جس سے آجر (employer) ورک مینیجڈ ڈیوائسز پر RCS چیٹس کو انٹرسیپٹ اور آرکائیو کر سکیں گے۔
سادہ الفاظ میں، اگر آپ کا فون آپ کی کمپنی کے زیرِ انتظام ہے تو وہ اب Google Messages میں آپ کی RCS چیٹس پڑھ سکتی ہے، چاہے وہ اینڈ ٹو اینڈ اِنکرپٹڈ ہی کیوں نہ ہوں۔
یہ صرف اُن فونز پر لاگو ہوتا ہے جو کمپنی مینیج کرتی ہے، ذاتی فونز پر اس کا کوئی اثر نہیں۔ اور کچھ ریگولیٹڈ انڈسٹریز پہلے بھی SMS آرکائیونگ کرتی رہی ہیں اور اب صرف RCS بھی اس میں شامل ہو سکتا ہے۔
عام ملازمین کے لیے ٹیکسٹنگ ہمیشہ ای میل سے مختلف سمجھی جاتی رہی ہے، خاص طور پر اینڈ ٹو اینڈ اِنکرپشن کے تصور کی وجہ سے۔ لیکن اب ایسا نہیں رہا۔
یہ معاملہ اینڈ ٹو اینڈ اِنکرپشن سے متعلق ایک عام غلط فہمی کو بھی سامنے لاتا ہے۔ اِنکرپشن صرف پیغام بھیجنے کے دوران حفاظت فراہم کرتی ہے، لیکن جب پیغام آپ کے فون پر پہنچ جاتا ہے تو وہ ڈی کرپٹڈ حالت میں ہوتا ہے، اور جس ادارے کا اس ڈیوائس پر کنٹرول ہو وہ اسے دیکھ سکتا ہے۔
گوگل کا کہنا ہے کہ یہ ’پیغامات کی آرکائیونگ کے لیے ایک قابلِ اعتماد، اینڈرائیڈ سپورٹڈ حل ہے، جو SMS اور MMS کے ساتھ بھی مطابقت رکھتا ہے۔ ملازمین کو واضح نوٹیفکیشن دکھایا جائے گا جب بھی آرکائیول فیچر فعال ہوگا۔‘
یوں، دفتر کی جگہ سے ملا ہوا فون اب ملازمین کو اتنا فائئدہ مند نہیں لگے گا۔ ملازمین پہلے سے جانتے تھے کہ ای میل شیئرنگ کے خطرات زیادہ ہیں کیونکہ ای میل کی سیکیورٹی کمزور ہے اور آجر آسانی سے اس کی نگرانی کرسکتے ہیں۔ لیکن ٹیکسٹنگ کو ہمیشہ زیادہ نجی سمجھا جاتا تھا۔ اب یہ سہولت بھی کمزور ہو گئی ہے، اور اس کا تعلق صرف ریگولیٹڈ انڈسٹریز سے نہیں بلکہ ہر تنظیم اسے فعال کرسکتی ہے۔
گوگل کا کہنا ہے کہ ’یہ نئی صلاحیت، جو Google Pixel اور دیگر Android Enterprise  ڈیوائسز پر دستیاب ہے، ملازمین کو RCS کے تمام فیچرز فراہم کرتی ہے، جیسے ٹائپنگ اِنڈیکیٹرز، ریڈ رسیپٹس، اور اینڈ ٹو اینڈ اِنکرپشن، جبکہ اداروں کو اپنے ریگولیٹری تقاضے پورے کرنے دیتی ہے۔
یہ خدشہ پہلے سے موجود تھا کہ ملازمین آپس میں رابطے کے لیے غیر سرکاری ایپس جیسےواٹس ایپ اور سگنل کا استعمال کرنے لگے ہیں۔ یہ نیا اپ ڈیٹ اس مسئلے کو مزید بڑھا سکتا ہے۔
مختصر یہ کہ، اگر آپ کے پاس کمپنی کے زیرِ انتظام اینڈرائیڈ فون ہے تو جلد ہی آپ کو ایک نوٹیفکیشن ملے گا جو بتائے گا کہ آپ کے ٹیکسٹ پیغامات پہلے جیسے نجی نہیں رہے۔

شیئر: