نیویارک کے لاگوارڈیا ایئرپورٹ پر مسافر طیارہ فائر ٹرک سے ٹکرا گیا، پائلٹ اور کو-پائلٹ ہلاک
نیویارک کے لاگوارڈیا ایئرپورٹ پر مسافر طیارہ فائر ٹرک سے ٹکرا گیا، پائلٹ اور کو-پائلٹ ہلاک
پیر 23 مارچ 2026 11:13
روئٹرز کی جانب سے لی گئی تصاویر میں طیارے کے اگلے حصے کو واضح نقصان پہنچا ہوا دیکھا جا سکتا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
نیویارک کے لاگوارڈیا ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران ایئر کینیڈا ایکسپریس کا علاقائی جیٹ طیارہ فائر بریگیڈ کی گاڑی سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں طیارے کا پائلٹ اور کو-پائلٹ ہلاک ہو گئے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اتوار کی دیر گئے پیش آنے والے اس واقعے کے بعد ایئرپورٹ کو بند کر دیا گیا ہے۔
ہلاکتوں کی اطلاع دینے والے ادارے ’این بی سی نیوز‘ کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں درجنوں دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
نیوز چینل نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ فائر ٹرک میں پولیس اہلکار سوار تھے۔ اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ ایک سارجنٹ اور ایک اہلکار کے اعضا ٹوٹ گئے ہیں اور وہ ہسپتال میں مستحکم حالت میں ہیں۔
ابتدائی مسافر فہرست کے مطابق (جس کی تصدیق ہونا باقی ہے) ایئر کینیڈا ایکسپریس کا CRJ-900 طیارہ جسے ان کا پارٹنر ’جاز ایوی ایشن‘ چلا رہا تھا، مونٹریال سے 72 مسافروں اور عملے کے چار ارکان کو لے کر آ رہا تھا۔ جاز ایوی ایشن کی ملکیت ’کورس ایوی ایشن‘ کے پاس ہے۔
فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ ’فلائٹ ریڈار 24‘ کے مطابق طیارہ قریباً 24 میل فی گھنٹہ (39 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار سے فائر گاڑی سے ٹکرایا۔ ویب سائٹ نے آخری ڈیٹا مشرقی وقت کے مطابق رات 11:37 بجے ریکارڈ کیا۔
حادثے کے بعد روئٹرز کی جانب سے لی گئی تصاویر میں طیارے کے اگلے حصے (ناک) کو واضح نقصان پہنچا ہوا دیکھا جا سکتا ہے جو اوپر کی جانب جھکا ہوا تھا۔
حکام اور ہنگامی امداد کے اداروں نے ہلاکتوں یا زخمیوں کے حوالے سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پیر کے روز دوپہر 2 بجے تک بند رہنے کا امکان ہے۔
فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق 18 پروازوں کا رخ دوسرے ہوائی اڈوں کی طرف موڑ دیا گیا ہے یا انہیں واپس روانگی والے مقام پر بھیج دیا گیا ہے۔
حکام اور ہنگامی امداد کے اداروں نے ہلاکتوں یا زخمیوں کے حوالے سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا (فائل فوٹو: روئٹرز)
ایئر کینیڈا نے روئٹرز کو ’جاز‘ کے بیان کا حوالہ دیا اور کہا کہ وہ اس واقعے سے باخبر ہیں۔ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ اورایف اے اے نے تبصرے کی درخواستوں کا فوری جواب نہیں دیا۔
پورٹ اتھارٹی آف نیویارک اینڈ نیو جرسی کا کہنا ہے کہ فائر فائٹنگ گاڑی ایک اور واقعے پر ردعمل دے رہی تھی جب ایئرپورٹ کے رن وے 4 پر طیارہ اس سے ٹکرا گیا۔
نیویارک سٹی کے ایمرجنسی نوٹیفکیشن سسٹم نے کہا ہے کہ عوام کو ایئرپورٹ کے قریب پروازوں کی منسوخی، سڑکوں کی بندش، ٹریفک میں تاخیر اور امدادی عملے کی موجودگی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پورٹ اتھارٹی کے مطابق لاگوارڈیا ایئرپورٹ نے 2025 میں 30 ملین سے زیادہ سالانہ مسافروں کو خدمات فراہم کیں اور یہاں سے متعدد امریکی ایئر لائنز اپنی پروازیں چلاتی ہیں۔