Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کولمبیا میں فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ گر کر تباہ، متعدد ہلاکتوں کا خدشہ

ہلاک اور زخمی فوجیوں کی تعداد سامنے نہیں آئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
کولمبیا میں پیر کو ایک فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ اُڑان بھرتے ہی حادثے کا شکار ہو گیا جس میں کم از کم 80 افراد سوار تھے۔
حکام کے مطابق ہلاک اور زخمی فوجیوں کی تعداد کے حوالے سے متضاد اطلاعات سامنے آ رہی ہیں جس کے باعث درست اعداد و شمار تاحال واضح نہیں ہو سکے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے فوجی ذرائع کے مطابق ’ہرکولیس طیارہ‘ جنوبی سرحدی علاقے پیورٹو لیگزامو سے روانہ ہونے کے فوراً بعد گر کر تباہ ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تقریباً 50 افراد اس حادثے میں زندہ بچ گئے ہیں تاہم اس کی باضابطہ تصدیق ابھی باقی ہے۔
یہ سرحدی علاقہ حالیہ ہفتوں میں شدید فوجی سرگرمیوں کا مرکز بنا ہوا ہے، جہاں کولمبیا اور ایکواڈور کی افواج منشیات سمگلنگ میں ملوث گروہوں اور مسلح تنظیموں کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہیں۔
حادثے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں۔ سرکاری نشریاتی ادارے نے جنگل کے ایک کھلے مقام پر تباہ شدہ اور شعلوں میں گھِرے طیارے کے ملبے کی ویڈیوز نشر کیں، جن میں طیارے کا ڈھانچہ بری طرح متاثر دکھائی دیتا ہے۔
کولمبیا کے وزیر دفاع پیڈرو سانچیز نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’فوجی دستے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ چکے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہلاکتوں کی تعداد اور حادثے کی اصل وجوہات کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں اور جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ پورے ملک کے لیے انتہائی دردناک لمحہ ہے، ہم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور دعاگو ہیں کہ انہیں اس صدمے کو برداشت کرنے کی ہمت ملے۔‘
واضح رہے کہ جنوبی امریکہ میں ایک ماہ سے بھی کم عرصے کے دوران ’سی 130 ہرکولیس‘ طیارے کا یہ دوسرا بڑا حادثہ ہے۔ اس سے قبل 27 فروری کو بولیویا میں ایک فوجی کارگو طیارہ لاپاز کے قریب لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں کم از کم 24 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ہرکولیس طیارہ چار انجنوں پر مشتمل ٹربو پروپ طیارہ ہے، جسے لاک ہیڈ مارٹن نے تیار کیا ہے۔ یہ طیارہ مشکل اور غیر ہموار رن ویز پر بھی اُترنے اور اُڑان بھرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اسی لیے دنیا بھر کی افواج اسے فوجیوں، گاڑیوں اور دیگر سامان کی ترسیل کے لیے وسیع پیمانے پر استعمال کرتی ہیں۔

شیئر: