Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موجودہ حالات میں مشرق وسطیٰ کا سفر، کون سی ایئرلائن کی پروازوں کا شیڈول کیا ہے؟

کئی فضائی کمپنیوں نے مختلف مدت تک کے لیے مشرقی وسطیٰ کا سفر بند کر رکھا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
ایران جنگ کے باعث جہاں مشرق وسطیٰ کے اہم مراکز دبئی، دوحہ اور ابوظبی کا فضائی سفر بند ہو کر رہ گیا ہے وہیں عالمی سطح پر بھی ہوائی سفر بری طرح متاثر ہے اور ہزاروں مسافر ابھی تک پھنسے ہوئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ میں موجودہ حالات میں فضائی کمپنیوں کی تازہ صورت حال بتائی گئی ہے۔

ایجین ایئرلائن

یہ یونان کی سب سے بڑی فضائی کمپنی ہے اور اس نے تل ابیب کا سفر بند کر رکھا ہے جبکہ بیروت اور عمان کے لیے 22 اپریل اور اربیل اور بغداد کے لیے 24 مئی تک پروازیں منسوخ کی گئی ہیں اسی طرح دبئی جانے والی پروازیں 19 اپریل جب کہ ریاض کی پروازیں 18 اپریل تک منسوخ کی گئی ہیں۔
ایئر بالٹیک

لیٹویا کی سب سے بڑی کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی جانب سے 29 اپریل تک تل ابیب کی تمام پروازیں کینسل کر دی گئی ہیں جبکہ دبئی کے لیے تمام پروازیں 24 اکتوبر تک بند رہیں گی۔

ایئر کینیڈا

کینیڈا کے اس کیریئر کی جانب سے دو مئی تک تل ابیب جانے والے فلائٹس کینسل کی گئی ہیں جبکہ دبئی کے لیے پروازیں 28 مارچ تک بند ہیں۔

ایئر یوروپا

سپین کی اس ایئرلائن نے 10 اپریل تک تل ابیب جانے والی تمام پروازیں کینسل کر رکھی ہیں۔

ایئر فرانس

اس کمپنی نے 28 مارچ تک تل ابیب اور بیروت کے لیے پروازیں بند کی ہیں جبکہ دبئی اور ریاض کے لیے بندش 24 مارچ تک ہے اس میں وہ پرواز بھی شامل ہے جس نے 25 مارچ کو دبئی سے روانہ ہونا تھا۔
اسی طرح ریاض، دمام، دبئی اور تل ابیب کے لیے پروازوں کی بندش کا سلسلہ 11 اپریل تک برقرار رہے گا۔

ڈیلٹا ایئرلائنز

اس امریکی کمپنی نے نیویارک سے تل ابیب جانے والی تمام پروازیں 31 مئی تک کینسل کی ہیں جبکہ تل ابیب سے نیویارک کے لیے جانے والی پروازیں یکم جون تک بند رہیں گی۔
اسی طرح اس کے اٹلانٹا تل ابیب کا ری سٹارٹ بھی تاخیر کا شکار ہوا ہے اور تل ابیب کے لیے پروازیں چار اگست اور وہاں سے روانہ ہونے والی پروازوں کو پانچ اگست تک کینسل کیا گیا ہے۔

الاسرائیل ایئرلائنز

اس اسرائیلی کیریئر کا کہنا ہے کہ سوائے غیرمعمولی پروازوں کے باقی تمام پروازیں روکی جا رہی ہیں جبکہ وہ مسافروں کو گھروں تک پہنچانے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایئرلائن کی جانب سے رامون ہوائی اڈے کو کھولنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کی ایئرلائن ایمریٹس کا کہنا ہے کہ محدود شیڈول کے تحت کام کیا جا رہا ہے (فوٹو: ایمریٹس ایئرلائن)

ایمریٹس

متحدہ عرب امارات کی اس کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ علاقائی فضائی حدود جزوی طور پر دوبارہ کھولے جانےکے بعد وہ بہت محدود شیڈول کے تحت کام کر رہی ہے۔

اتحاد ایئرویز

یہ بھی متحدہ عرب امارات کی کمپنی ہے اور اس کا بھی کہنا ہے کہ ابوظبی سے دوسرے مقامات کے لیے بہت محدود پیمانے پر پروازیں چلا رہی ہے۔

انڈیگو

انڈیا کی اس کمپنی نے دوحہ، کویت، بحرین، دمام، فجیرہ، راس الخیمہ اور شارجہ کے لیے پروازوں کا سلسلہ 28 مارچ تک بند کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

جاپان ایئرلائنز

اس کی جانب سے ٹوکیو سے دوحہ جانے والی پروازیں 31 مارچ تک کینسل کی گئی ہیں جبکہ دوحہ سے ٹوکیو کے لیے پروازیں یکم اپریل تک بند رہی گی۔
علاوہ ازیں دنیا کی دوسری ایئرلائنز کی پروازوں کے شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں جن میں فن ایئر، فلائی نس، ملائیشیا ایئرلائنز اور نارویجن ایئر سمیت دوسری فضائی کمپنیاں شامل ہیں۔

شیئر: