Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان کی ثروت فاطمہ کے انٹرنیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں دو گولڈ میڈل

پاکستان کے صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والی بیڈمنٹن کھلاڑی ثروت فاطمہ نے ملائیشیا میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو طلائی تمغے جیت لیے ہیں۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ثروت فاطمہ نے ٹورنامنٹ کے دوران مسلسل عمدہ کھیل پیش کیا اور اپنے حریفوں کو شکست دیتے ہوئے دونوں مقابلوں میں کامیابی حاصل کی۔
یہ اعزاز حاصل کرنے کے بعد ثروت فاطمہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ محض ایک جیت نہیں بلکہ ان کی طویل محنت، لگن اور بیڈمنٹن کے ساتھ گہرے لگاو کا نتیجہ ہے۔‘
انہوں نے اپنی کامیابی اپنے والد اور پاکستان فوج کے نام کرتے ہوئے کہا کہ 'میں آج جس مقام پر ہوں، اس میں میرے والد کی دعاؤں اور پاکستان فوج کی بھرپور حوصلہ افزائی کا اہم کردار ہے، جنہوں نے ہر قدم پر میرا ساتھ دیا۔'
ثروت فاطمہ نے مستقبل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان فوج میں شمولیت اختیار کر کے ملک و قوم کی خدمت کرنا چاہتی ہیں اور کھیل کے میدان میں مزید کامیابیاں حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کرنے کا عزم رکھتی ہیں۔
ان  کے والد نے اپنی بیٹی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے  اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ایک روز ان کی بیٹی ورلڈ چیمپین شپ کا میڈل  ملک میں لے کر آئے۔

شیئر: