نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ایک روزہ دورے پر چین روانہ
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار آج صبح ایک روزہ دورے پر چین کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔
منگل کو وزارت خارجہ کی جانب سے ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان کو چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے دورے کی دعوت دی تھی۔
بیان کے مطابق ’دونوں رہنما دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیں گے اور علاقائی و عالمی صورت حال سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
یہ رواں برس اسحاق ڈار کا بیجنگ کا دوسرا دورہ ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس دورے کے حوالے سے چین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ چینی وزیر خارجہ اپنے پاکستانی ہم منصب سے ایران کی صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ دونوں ممالک بڑے بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔