ٹرمپ کی دھمکی: آبنائے ہرمز نہ کھلی تو ایران کے پاور پلانٹس اور پل نشانہ بنیں گے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی دھمکی کو دہرایا کہ اگر آبنائے ہرمز نہیں کھولی گئی تو ایران کے پاور پلانٹس اور پلوں پر حملے کیا جائے گا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کی صبح سوشل میڈیا پر سخت الفاظ پر مشتمل بیان میں، صدر ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر یہ آبی گزرگاہ بحری آمد و رفت کے لیے نہ کھولی گئی تو ’یہ پاگل لوگ جہنم میں رہیں گے۔‘
صدر ٹرمپ اس سے قبل دو ہفتے پہلے بھی حملوں کی دھمکی دے چکے ہیں، لیکن ایران کو آبی راستہ کھولنے کے لیے دی گئی مہلت کو دو مرتبہ بڑھایا تھا۔ اس وقت ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایرانیوں کے ساتھ مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہو رہی ہے۔
تاہم جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی پیش رفت کے بہت کم عوامی آثار نظر آئے ہیں۔
اس سے قبل، امریکہ نے اتوار کو کہا کہ اس نے اس لڑاکا طیارے کے پائلٹ کو بچا لیا ہے جو ایران کی جانب سے گرائے جانے کے بعد دشمن کے علاقے میں لاپتہ ہو گیا تھا۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ کی دھمکیوں کے باجود ایران نے پسپائی کے کوئی آثار نہیں دکھائے اور ہمسایہ خلیجی عرب ممالک میں اقتصادی اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا۔
امریکہ نے جمعہ کے روز ایف-15 ای سٹرائیک ایگل طیارے کو گرائے جانے کے بعد لاپتہ ہونے والے پائلٹ کو سرچ اینڈ ڑیسکیو اآپریشن کے ذریعے ایران سے ڈھونڈ نکال۔
صدر ٹرمپ کے مطابق امریکی فوجی زخمی ہے لیکن ان کی حالت مستحکم ہے۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’یہ بہادر سپاہی ایران کے دشوار گزار پہاڑوں میں دشمن کے علاقے میں موجود تھا اور ہمارے دشمن اس کا پیچھا کر رہے تھے، جو ہر گھنٹے کے ساتھ اس کے قریب ہوتے جا رہے تھے۔‘
طیارے کے عملے کے دوسرے عملے کے رکن کو اس سے پہلے ہی بچا لیا گیا تھا۔
