Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’37 دن اور 864 گھنٹے‘ ، ایران میں انٹرنیٹ کی بندش نے عالمی ریکارڈ توڑ دیا: نیٹ بلاکس

ایران میں انٹرنیٹ کا بلیک آؤٹ اب کسی بھی ملک میں ریکارڈ کیا جانے والا طویل ترین ملک گیر شٹ ڈاؤن ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ایران میں ایک ماہ سے زائد عرصے سے جاری انٹرنیٹ کی بندش اب تک کی تاریخ میں کسی بھی ملک میں طویل ترین ملک گیر شٹ ڈاؤن بن گئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے انٹرنیٹ کی عالمی سطح پر نگرانی کرنے والے ادارے ’نیٹ بلاکس‘ کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ایران میں انٹرنیٹ کی یہ معطلی اب اپنی نوعیت کا سب سے طویل واقعہ بن چکی ہے۔
نیٹ بلاکس نے اپنی ایکس پوسٹ میں بتایا ’ایران میں انٹرنیٹ کا بلیک آؤٹ اب کسی بھی ملک میں ریکارڈ کیا جانے والا طویل ترین ملک گیر شٹ ڈاؤن ہے۔‘
’یہ بلیک آؤٹ مسلسل 37 ویں روز میں داخل ہو چکا ہے اور 864 گھنٹوں کے بعد اپنی سنگینی میں تمام سابقہ واقعات سے تجاوز کر گیا ہے۔‘
ادارے نے مزید واضح کیا کہ اگرچہ بعض ممالک میں طویل عرصے تک وقفے وقفے سے یا علاقائی سطح پر انٹرنیٹ بند کیا گیا اور شمالی کوریا تو عالمی انٹرنیٹ سے کبھی منسلک ہی نہیں رہا لیکن قومی سطح پر اس طرح کی مکمل اور مسلسل بندش ایران میں پہلی مرتبہ دیکھی گئی ہے۔
ایران میں انٹرنیٹ کی رسائی پر حالیہ پابندیوں کا سلسلہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی اور اسرائیل کے ساتھ براہِ راست فوجی تصادم کے بعد شروع ہوا ہے۔ ایرانی حکام نے ان اقدامات کو 'قومی سلامتی' اور ممکنہ سائبر حملوں کے خلاف حفاظتی تدابیر قرار دیا ہے۔

شیئر: