مستقبل کے سائنسدانوں کے لیے ریاض میں کوانٹم جرنی ایگزیبیشن
نمائش کو کئی مقامی اور بین الاقوامی اداروں کی حمایت اور سپانسرشپ حاصل ہے (فوٹو: ایس پی اے)
ریاض میں کنگ سلمان سائنس اوئیسس میں سینٹر فار دی فورتھ انڈسٹریل ریوولوشن (سی فور آئی آر) سعودی عریبیہ کے زیراہتمام دی کوانٹم جرنی ایگزیبیشن کا انعقاد کیا گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس ایگزیبیشن کا انعقاد ورلڈ کوانٹم ڈے 2026 کے موقع پر کیا گیا ہے جسے ’شیپنگ دی فیوچر آف دی کوانٹم ورک فورس‘ کی تھیم کا نام دیا گیا ہے۔
اس تقریب کا افتتاح سی فور آئی آر سعودی عریبیہ کی مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر بسمہ البحیران نے کیا جبکہ یہ ایگزیبیشن کنگ عبدالعزیز سٹی فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، کنگ سلمان سائنس اوئیسس، دی انسٹیٹیوٹ فار ایڈوانسڈ سٹڈیز اینڈ کوآپریشن اور آی سی بی لیب کے تعاون سے 16 اپریل تک جاری رہے گی۔
ورلڈ کوانٹم ڈے کے موقع پر ہر سال لگاتار تیسری مرتبہ اس نمائش کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس کا مقصد کوانٹم اکانومی کے مستقبل میں سعودی عرب کے بڑھتے ہوئے کردار کو نمایاں کرنا ہے جبکہ طلبہ اور وزیٹرز کو اس فیلڈ میں ایجادات سے متعارف کروانا اور نوجوانوں کو مستقبل کی سکلز سیکھنے کے لیے ابھارنا ہے۔
یہ سب وژن 2030 کے ساتھ ہم آہنگ ہے جس کا مقصد پائیدار علم اور ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کو قائم کرنے کو ترجیح دینا ہے۔
البحیران سمجھتی ہیں کہ ورلڈ کوانٹم ڈے کے موقع پر اس نمائش کو منعقد کروانا سینٹر کی جانب سے کوانٹم سائنس کے بارے میں آگاہی دینے کی کوششوں کو مضبوط کرتا ہے اور مستقبل کے لیے تیار ٹیلنٹ کو بنانے کے لیے مدد کرتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایگزیبیشن کا مقصد ایسی تعلیم دینا ہے جو اس فیلڈ میں آنے کے لیے مستقبل کی نسلوں کو متاثر کرے۔
اس نمائش کو کئی مقامی اور بین الاقوامی اداروں کی حمایت اور سپانسرشپ حاصل ہے جن میں کوانٹینم، پاسکل، کنگ فہد یونیورسٹی آف پیٹرولیم اینڈ منرلز، ریجیٹی، سعودی اول بینک، آئی ڈی کوانٹیک اور اطہر ہیلتھ وولنٹرینگ سوسائٹی شامل ہیں۔
یہ تمام شراکت داریاں اس اقدام کے اثر کو بڑھانے اور مملکت کی جانب سے انوویشن ایکوسسٹم کو مضبوط کرنے کی عکاسی کرتی ہیں۔
