فیفا سیریز: پاکستان ویمن ٹیم کا شاندار آغاز، آٹھ صفر کی فتح سے کئی ریکارڈز ٹوٹ گئے
پاکستان ویمن فٹبال ٹیم نے فیفا سیریز کے افتتاحی میچ میں شاندار اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ترکس اینڈ کیکوس آئی لینڈز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد آٹھ صفر سے شکست دے کر نئی تاریخ رقم کر دی۔
آئیوری کوسٹ میں جاری فیفا سیریز میں پاکستان کی ویمن ٹیم نے میچ کا آغاز پُراعتماد انداز میں کیا اور ابتدائی لمحات سے ہی حریف کو دباؤ میں رکھا۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے آغاز میں ہی گول کرکے ٹیم کی برتری ظاہر کر دی جبکہ دسویں منٹ میں زہمنہ ملک نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔
اس کے صرف دو منٹ بعد اقصیٰ مشتاق نے دوسرا گول کر کے سکور دو صفر کر دیا۔
پاکستان کی جانب سے مزید گول کرنے کا سلسلہ جاری رہا اور لیلیٰ بنارس نے شاندار انفرادی کوشش کے ذریعے تیسرا گول سکور کیا۔
پہلے ہاف کے اختتام سے قبل مریم محمود نے گول کر کے برتری کو چار صفر تک پہنچا دیا۔
دوسرے ہاف میں بھی پاکستان کا مکمل کنٹرول برقرار رہا۔ نادیہ خان نے ہیڈر کے ذریعے پانچواں گول کیا، جبکہ اقصیٰ مشتاق نے اپنا دوسرا گول کر کے سکور چھ صفر کیا۔
لیلیٰ بنارس نے بھی اپنا دوسرا گول کر کے ٹیم کی برتری مزید مستحکم کی۔
میچ کے 81 ویں منٹ میں اسرا خان نے آخری گول سکور کر کے پاکستان کی فتح کو آٹھ صفر تک پہنچایا۔
پورے میچ کے دوران پاکستان ٹیم نے حریف کو اپنے ہی نصف حصے تک محدود رکھا۔
واضح رہے کہ یہ جیت پاکستان ویمن ٹیم کی تاریخ کی سب سے بڑی کامیابی ہے، جس نے 2022 میں مالدیپ کے خلاف سات صفر کی جیت کا سابقہ ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے ٹیم اور کوچنگ اسٹاف کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان میں ویمن فٹبال کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔
انہوں نے اس کامیابی کو ملکی قیادت کے نام کرتے ہوئے کہا کہ ’جب ملک کی قیادت امن کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے، ہماری کھلاڑیوں نے میدان میں تاریخ رقم کی ہے۔‘
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ٹیم مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کرے گی اور پاکستان ویمن فٹبال کا سنہری دور شروع ہو چکا ہے۔
فیفا سیریز 16 اپریل تک جاری رہے گی جس میں پاکستان اپنا دوسرا میچ 12 اپریل کو موریطانیہ جبکہ آخری گروپ میچ 16 اپریل کو میزبان آئیوری کوسٹ کے خلاف کھیلے ہو گا۔