مملکت میں منگل تک بارش کا امکان، احتیاطی تدابیرپر عمل کریں، شہری دفاع
بارش کے دوران سیلابی پانی کی گزرگاہوں سے دور رہیں(فوٹو، ایس پی اے)
شہری دفاع نے مملکت کے مختلف علاقوں میں جاری موسم بہار کی بارشوں کے حوالے سےاحتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی(ایس پی اے) کے مطابق شہری دفاع کی جانب سے جاری ہدایات میں سعودی شہریوں اورمملکت میں مقیم غیرملکیوں کو کہا گیا ہے کہ بارشوں کے دوران مقررہ ضوابط پرسختی سے عمل کریں تاکہ کسی مشکل صورتحال میں مبتلا نہ ہوں۔
شہری دفاع کا کہنا ہے کہ موسمیاتی رپورٹ کے مطابق مملکت کے مختلف علاقوں میں منگل تک بارشوں کا قوی امکان ہے۔ بارش کے دوران سیلابی ریلے کی گزرگاہوں والے مقامات سے دور رہیں اور نیشیبی علاقوں میں تفریحی کیمپ نہ لگائیں۔
دریں اثنا موسمیاتی مرکز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ ریجن میں تربہ ، المویہ ، الخرمہ ، رنیہ ، طائف ، میسان ، اضم، القنفذہ، العرضیات ، مکہ مکرمہ شہر، بحرہ اور الکامل میں کہیں ہلکی جبکہ بعض مقامات پر تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
مرکز کا مزید کہنا ہے کہ وادی الدواسر ، الافلاج ، ریاض شہر ، الدلم ، المزاحمیہ ، ضرما ، القدیہ ، الدرعیہ ، حوطہ بنی تمیم ، الحریق ، الخرج ، عفیف ، الدوادمی ، القویعیہ اور الرین میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے ۔
رپورٹ کے مطابق عسیر ، جازان ، نجران ، الباحہ ، مشرقی ریجن کے بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری کی توقع ہے۔ قصیم ، شمالی حدود اور مدینہ منورہ کے کچھ علاقے گرد وغبار جبکہ کہیں بارش کا امکان ہے۔