امریکہ: لبنان کے اسرائیل کے ساتھ ’تعمیری‘ مذاکرات، جنگ بندی کی اپیل
امریکہ: لبنان کے اسرائیل کے ساتھ ’تعمیری‘ مذاکرات، جنگ بندی کی اپیل
بدھ 15 اپریل 2026 5:37
لبنان کی سفیر ندا معوض نے کہا کہ انہوں نے ’جنگ بندی‘ اور بے گھر افراد کی واپسی کی اپیل کی (فو ٹو: اے پی)
امریکہ اور لبنان کے درمیان کئی دہائیوں میں پہلی براہِ راست سفارتی بات چیت ہوئی جس کے دوران امریکہ میں لبنان کی سفیر ندا حمادہ معوض نے اسرائیلی حکام سے جنگ بندی کی اپیل کی، یہ مذاکرات اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان ایک ماہ سے جاری جنگ کے بعد ہوئے ہیں۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ کو روکنے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے، کیونکہ اسے خدشہ ہے کہ یہ واشنگٹن اور ایران کے درمیان دو ہفتے کی جنگ بندی کو متاثر کر سکتا ہے، خاص طور پر جب پاکستان میں تہران کے ساتھ مذاکرات ناکام رہے۔
لبنان اس وسیع تر تنازع میں اس وقت شامل ہوا جب حزب اللہ نے ایران کی حمایت میں اسرائیل پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں اسرائیلی زمینی حملے اور فضائی بمباری ہوئی، جس میں دو ہزار سے زائد افراد ہلاک اور دس لاکھ سے زیادہ بے گھر ہوئے۔
دوسری جانب ملاقات سے قبل حزب اللہ کے رہنما نعیم قاسم نے مذاکرات کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور لڑائی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
منگل کو ہونے والی اس ملاقات کو امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے ’تاریخی موقع‘ قرار دیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیل اور لبنان نے مذاکرات کے بعد مستقبل میں براہِ راست مذاکرات پر اتفاق کیا ہے۔
ندا معوض نے کہا کہ انہوں نے ’جنگ بندی‘ اور بے گھر افراد کی واپسی کی اپیل کی، اور زور دیا کہ ’ریاست کی مکمل خودمختاری‘ تمام لبنانی علاقے پر قائم رہنی چاہیے۔ دونوں ممالک تکنیکی طور پر دہائیوں سے حالتِ جنگ میں ہیں، اور حزب اللہ نے ان مذاکرات کی سخت مخالفت کی، یہاں تک کہ ملاقات کے آغاز پر شمالی اسرائیل کے کئی قصبوں پر راکٹ داغنے کا اعلان کیا۔
واشنگٹن میں ملاقات کی سربراہی روبیو نے کی، جس میں اسرائیل اور لبنان کے امریکی سفیروں نے شرکت کی۔ روبیو نے کہا کہ ’یہ ایک تاریخی موقع ہے۔ امید ہے کہ آج ہم ایک ایسا فریم ورک تیار کر سکیں جس پر موجودہ اور دیرپا امن قائم ہو۔‘
لبنان کے صدر جوزف عون نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ یہ مذاکرات ’لبنانی عوام کی مشکلات کے خاتمے کی ابتدا ہوں گے۔‘
اسرائیل اس وقت جنوبی لبنان کے کچھ حصوں پر قابض ہیں اور اس نے حزب اللہ کے خاتمے تک جنگ بندی پر غور کرنے سے انکار کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیلی سفیر یخیل لیٹر نے کہا کہ دونوں فریقوں کے درمیان ’شاندار تبادلہ خیال ہوا۔ آج ہمیں معلوم ہوا کہ ہم ایک ہی طرف ہیں۔‘
اسرائیلی افواج اس وقت جنوبی لبنان کے کچھ حصوں پر قابض ہیں اور ان کی حکومت نے حزب اللہ کے خاتمے تک جنگ بندی پر غور کرنے سے انکار کیا ہے۔ اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈون سار نے کہا کہ ان کا ملک لبنان کے ساتھ ’امن اور معمول کے تعلقات‘ چاہتا ہے، لیکن حزب اللہ اصل مسئلہ ہے اور ’اسے حل کرنا ضروری ہے۔‘
برطانیہ اور فرانس سمیت 17 ممالک کے وزرائے خارجہ نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ اس موقع کو خطے میں دیرپا سلامتی کے لیے استعمال کریں۔