Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: کرکٹ فائنل میں دعوت نہ ملنے پر مقامی رہنما کا غصہ، ٹریکٹر سے پچ اکھاڑ دی

انڈیا میں کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں اچانک ایک ٹریکٹر میدان میں گھس آیا اور ہل چلانے کے انداز میں پچ کو اکھاڑنا شروع کر دیا۔

انڈین میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست مہاراشٹر کے ضلع جالگاؤں کے ایک گاؤں میں پیش آیا جس پر ہنگامہ برپا ہوا۔

ٹریکٹر پر سوار شخص کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ ایک مقامی سیاسی رہنما ہے اور اس کو اس بات کا رنج تھا کہ اسے ایونٹ کے لیے دعوت نہیں دی گئی تھی۔
یہ واقعہ 12 اپریل کو دھارنگاؤں میں منعقد ہونے والے ایم ایل اے ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے دوران پیش آیا، جو ممبئی سے تقریباً 400 کلومیٹر دور کا علاقہ ہے۔ 
انڈین میڈیا کے مطابق مذکورہ شخص دھارنگاؤں میونسپل کونسل کا صدر ہے اور اسے ٹورنامنٹ میں مدعو نہ کیے جانے پر رنج تھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص ٹریکٹر لے کر میدان میں داخل ہوتا ہے اور کرکٹ پچ کو اکھاڑ دیتا ہے، جس سے پچ ناقابلِ استعمال ہو گئی۔ 
اس غیر متوقع واقعے پر کھلاڑیوں، منتظمین اور شائقین کی جانب سے شدید حیرت اور تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
پچ کو پہنچنے والے نقصان کے باعث میچ فوری طور پر روک دیا گیا، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور صورت حال کو قابو میں کر لیا۔
تاہم حکام کے مطابق واقعے کے حوالے سے کوئی باقاعدہ شکایت درج نہیں کروائی گئی، کیونکہ منتظمین نے معاملے کو مزید آگے نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا اور معاملہ رفع دفع کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دکھائی دیے۔

شیئر: