ٹی20 ورلڈ کپ: کینیڈا پر میچ فکسنگ کے الزامات، آئی سی سی نے تحقیقات شروع کر دیں
ٹی20 ورلڈ کپ: کینیڈا پر میچ فکسنگ کے الزامات، آئی سی سی نے تحقیقات شروع کر دیں
جمعہ 17 اپریل 2026 14:53
کپتان دلپریت باجوہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے ایک اوور میں 15 رنز دیے (فوٹو: اے ایف پی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جمعہ کو کہا ہے کہ وہ کرکٹ کینیڈا کے خلاف میچ میں کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے، جن میں حالیہ ٹی 20 ورلڈ کپ (جس کی میزبانی انڈیا اور سری لنکا نے کی) میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ٹیم کی شکست بھی شامل ہے۔
چنئی میں کھیلا گیا یہ میچ اب کرپشن کے الزامات کے باعث تحقیقات کی زد میں ہے جس میں کینیڈا کو آٹھ وکٹوں سے شکست ہوئی۔ یہ الزامات جمعرات کو کینیڈین براڈکاسٹنگ کارپوریشن (سی بی سی) کی نشر کردہ ایک دستاویزی فلم میں سامنے آئے۔
آئی سی سی کے انٹیگریٹی یونٹ کے قائم مقام جنرل منیجر اینڈریو ایفگریو نے ایک بیان میں کہا کہ ’اینٹی کرپشن یونٹ (اے سی یو) کو سی بی سی کے نشر کردہ پروگرام کا علم ہے۔‘
سرکاری نشریاتی ادارے کی اس دستاویزی فلم میں کرکٹ کینیڈا پر بدعنوانی اور ناقص گورننس تک کئی الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق، چنئی میں کھیلے گئے اس میچ میں شبہات خاص طور پر کپتان دلپریت باجوہ کے اس پانچویں اوور پر ہیں جو انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف کروایا۔
انہوں نے اوور کا آغاز نو بال سے کیا، پھر ایک وائیڈ کروائی، اور مجموعی طور پر اس اوور میں 15 رنز دیے۔
کینیڈا نے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے جبکہ نیوزی لینڈ نے 15.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنا کر ہدف حاصل کر لیا۔
عالمی سطح پر کرکٹ کی گورننگ باڈی آئی سی سی ایک ٹیلیفون کال کی بھی تحقیقات کر رہی ہے جس میں اُس وقت کے کینیڈا کے کوچ خرم چوہان شامل تھے۔ اس کال میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ کرکٹ کینیڈا کے سینئر بورڈ ارکان نے ان پر مخصوص کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے کے لیے دباؤ ڈالا۔
کرکٹ کینیڈا پر یہ الزامات کینیڈین براڈکاسٹنگ کارپوریشن کی نشر کردہ ایک دستاویزی فلم میں سامنے آئے (فوٹو: اے ایف پی)
اینڈریو ایفگریو نے کہا کہ ’آئی سی سی کے رکن ممالک میں گورننس سے متعلق معاملات، جہاں یہ اس کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں، آئی سی سی کے معیاری آئینی طریقہ کار کے تحت دیکھے جاتے ہیں۔‘
کرکٹ کینیڈا نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کو ’انتہائی سنجیدگی‘ سے لے رہا ہے۔
ادارے نے اپنی ویب سائٹ پر کہا کہ ’حالیہ تشہیری مواد میں منظم جرائم اور میچ فکسنگ سے متعلق الزامات کی طرف اشارہ کیا گیا ہے، یہ ایسے معاملات ہیں جنہیں کرکٹ کینیڈا نہایت سنجیدگی سے لیتا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’جہاں بھی ایسے معاملات سامنے آئیں گے، ہم ذمہ داری کے ساتھ ان کا جائزہ لینے اور ضرورت کے مطابق مناسب اقدامات کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔‘