سام سنگ میسجز ایپ جولائی سے بند، صارفین کے لیے متبادل کیا ہے؟
کمپنی کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گوگل میسجز ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔ (فوٹو: سی نیٹ)
ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والی امریکی ویب سائٹ سی نیٹ نے سام سنگ کمپنی کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ نئے گیلیکسی فونز میں سے ’سام سنگ میسجز‘ کو ختم کیا جا رہا ہے اور صارفین کے کے لیے گوگل میسجز پر منتقل ہونا ضروری ہو گا۔
کمپنی کی جانب سے صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گوگل میسجز ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور اسے بطور ڈیفالٹ ایس ایم ایس ایپ سیٹ کریں، خاص طور پر وہ صارفین جو اینڈرائیڈ 12 یا 13 استعمال کر رہے ہیں۔
گوگل میسجز میں جدید سہولیات شامل ہیں، جن میں آر سی ایس ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹائپنگ، بہتر گروپ چیٹس اور اعلیٰ معیار کی تصاویر بھیجنے کی سہولت شامل ہے۔
اس کے علاوہ اس میں سپیم فلٹر، ایک سے زائد ڈیوائسز پر رسائی اور مصنوعی ذہانت پر مبنی فیچرز بھی موجود ہیں۔
سام سنگ نے ابھی یہ واضح نہیں کیا کہ جولائی میں کس تاریخ کو ایپ مکمل طور پر بند ہو گی، تاہم ایپ بند ہونے کے بعد اس میں صرف ہنگامی سروسز کو پیغام بھیجنے کی سہولت باقی رہے گی۔
کمپنی نے 2021 سے اپنے فونز میں گوگل میسجز کو ترجیح دینا شروع کر دی تھی جبکہ 2024 سے سام سنگ میسجز کو نئے فونز میں انسٹال کرنا بھی بند کر دیا گیا تھا۔ نئے ماڈلز جیسے گیلیکسی ایس 26 میں یہ ایپ دستیاب نہیں ہے۔
سام سنگ کے مطابق اینڈرائیڈ 11 یا اس سے پرانے ورژن استعمال کرنے والے صارفین اس تبدیلی سے متاثر نہیں ہوں گے، تاہم انہیں بھی بہتر سروس کے لیے نئی ایپس پر منتقل ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
اسی طرح پرانی گیلیکسی واچز جو ٹائزن آپریٹنگ سسٹم پر چلتی ہیں، ان میں مکمل پیغامات کا ریکارڈ دستیاب نہیں رہے گا، جبکہ نئے ماڈلز ( گیلیکسی واچ 4 اور اس کے بعد کے ماڈلز) میں یہ یہ سہولت برقرار رہے گی۔