Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بحیرۂ احمر کی دلہن‘، جدہ کی خوبصورتی سعودی فوٹو گرافرز کی نگاہ سے

نمائش میں خصوصی اہمیت کی 25 تصاویر رکھی گئی ہیں (فوٹو: امانہ جدہ)
جدہ کے میئر صالح الترکی نے ’بحیرۂ  احمر کی دلہن‘ کے نام سے ایک نمائشں کا افتتاح کیا ہے جو اُس وسیع انشییٹو کا حصہ ہے جس کے تحت شہر کی خوبصورتی کو سعودی فوٹو گرافرز کے کیمرے کی نگاہ سے لوگوں تک پہنچانا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اِس نمائش میں خصوصی اہمیت کی 25 تصاویر رکھی گئی ہیں جن میں جدہ میں سنگتراشی کے ذریعے کی گئی نقش گری اور دیگر کئی امتیازی علامتوں یا نشانات کو دستاویزی شکل دی گئی ہے۔ یہ تصاویر، اُن ایک سو تصویروں کی نمائندگی کرتی ہیں جن کا انتخاب، اِس انیشیٹیو کے پہلے مرحلے کے طور پر کیا گیا ہے۔
نمائش میں رکھی گئی تصاویر، پانچ فوٹو گرافرز کے ایک مخصوص فنکارانہ وژن کو پیش کرتی ہیں جن میں جدہ شہر کے مناظر اور وژوئل شناخت کی تفصیل کو کیمرے میں محفوظ کیا گیا ہے۔
نمائش کے منتظمین کہتے ہیں کہ آئندہ اِس طرح کے کئی دیگر مواقع پر بھی شہر کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کیا جاتا رہے گا اور موجودہ نمائش اِس سلسلے کی پہلی کڑی ہے۔ آنے والے مہینوں میں دوسرے مرحلے کے دوران سفر سے متعلق اور شہر کی مختلف لوکیشنز پر نصب، جدہ کے اِمتیازی سنگ ہائے مِیل کو سامنے لایا جائے گا۔
ایس پی اے کے مطابق یہ انشییٹیو، عوامی شمولیت کو وسعت دینے اور اِس منصوبے کے ساتھ عوام کے زیادہ سے زیادہ منسلک ہونے کی حوصلہ افزائی کے لیے شروع کیا گیا ہے۔
منصوبے کا عنوان ’بحیرۂ احمر کی دلہن‘، جدہ کی تاریخی شناخت اور ساحلی علاقوں کے حُسن کے بیان کا ایک استعارہ ہے جو ایک زندہ دل، جوش و خروش سے بھرپور اور زندگی کی رعنائیوں سے دمکتے ہوئے شہر کی شہرت کو نمایاں کرتا ہے جس کی رونق روز بروز بڑھ رہی ہے۔
اِس افتتاح کے ساتھ ساتھ، جدہ کی بلدیہ نے نمائش کے لیے ایک ویب پیج بھی شروع کیا ہے جس میں تمام تصاویر موجودہ ہوں گی۔
ہر فوٹو کے ساتھ اُس کی مکمل تفصیل درج ہوگی۔ وہ نقش جس کی تصویر بنائی گئی ہے، اُس کا نام بھی ویب پر دیا جائے گا۔ اِس کے علاوہ نقش کے فنکارانہ حُسن کے بارے میں مختصر تعارف، نقش گر کا تذکرہ، اُس نقش کے وجود میں آنے کا سال، مہینہ اور دن، اُس کی لوکیشن اور نقش کی تصویر اتارنے والے فوٹوگرافر کا نام بھی درج کیا جائےگا۔
تصویر کے ساتھ ’کیو آر‘ کوڈ بھی ہوگا جو فوٹو گرافر کے انسٹاگرام پیج سے منسلک ہوگا جس کا مقصد تصویر بنانے والے کے کام کو سپورٹ کرنا اور انیشیٹیو کے تحت کمیونٹی کی ساتھ شراکت داری کو بڑھانا ہے۔
الترکی نے اُن تخلیقی منصوبے کے اظہار کی کوششوں کے اعتراف میں، جو جدہ شہر کے جمالیاتی کردار اور اِس کی حیثیت میں اضافہ کا باعث بنی ہیں، بلدیہ کی ٹیم کے ارکان اور نمائش میں شرکت کرنے والے فوٹوگرافراز کو اعزاز سے بھی نوازا۔

شیئر: