سنیتا آہوجا کے طنزیہ جملے، گووندا سے علیحدگی کی افواہیں پھر گرم
گذشتہ چند برسوں سے سنیتا آہوجا اور گووندا کے ازدواجی تعلقات سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز رہے ہیں۔ (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وڈ اداکار گوندا کی بیوی سنیتا آہوجا نے حالیہ دنوں ایک کامیڈی ریئلٹی شو میں شرکت کے بعد خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں، جہاں انہوں نے بظاہر اپنے شوہر، اداکار گووندا کے 2024 کے گولی لگنے کے واقعے پر ہلکا سا طنز کیا۔
بالی وڈ ہنگامہ کے مطابق اس ایپی سوڈ کی خاص بات یہ بھی تھی کہ انہوں نے کرشنا ابھیشیک اور ان کی اہلیہ کشمیرا شاہ کے ساتھ سٹیج شیئر کیا، جس سے ان کے دیرینہ خاندانی اختلافات کے خاتمے کی تصدیق بھی ہوئی۔
شو کے دوران سنیتا کو گووندا کے مشہور گانے ‘اکھیوں سے گولی مارے’ پر رقص کرتے دیکھا گیا، جہاں انہوں نے اداکار کے منفرد انداز کو دوبارہ پیش کیا۔ تاہم، اصل توجہ اس وقت حاصل ہوئی جب انہوں نے ایک ہلکے پھلکے مکالمے کے دوران تبصرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’کشمیرا، میں تمہیں ایک بات بتانا چاہتی ہوں، جو مرد اپنی بیوی کی عزت کرتا ہے وہی اصل ہیرو ہوتا ہے۔ جو آنکھوں سے گولی مارتا ہے وہ رومانوی ہوتا ہے، لیکن جب کوئی تیسرا شخص آ جاتا ہے تو وہ گھٹنوں پر گولی کھاتا ہے۔‘
ان کے اس جملے پر جہاں قہقہے لگے، وہیں کئی لوگوں نے حیرت کا اظہار بھی کیا۔
گووندا کو اکتوبر 2024 میں ممبئی میں اپنے گھر پر ایک حادثاتی فائرنگ میں ٹانگ پر گولی لگی تھی۔ ان کے منیجر ششی سنہا نے اس وقت وضاحت کی تھی کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اداکار اپنا لائسنس یافتہ ریوالور الماری میں رکھتے ہوئے ہاتھ سے پھسل جانے کے باعث فائر ہو گیا۔
سنیتا کے تبصرے یہیں ختم نہیں ہوئے۔ شو کے ایک اور لمحے میں، جب کرشنا نے کشمیرا کے بجائے نیا شرما کو منتخب کیا، تو سنیتا نے کہا کہ ’یہ ان کی عادت ہے، اسی لیے یہ گولی کے مستحق ہیں۔ یہاں تو میں نے گولی بھی نہیں چلائی، پھر بھی نہ جانے کیسے ہو گیا۔‘
اگرچہ یہ بات مزاحیہ انداز میں کہی گئی، مگر اس نے ان کی شادی میں مسائل سے متعلق جاری قیاس آرائیوں کو مزید ہوا دے دی ہے۔
گذشتہ چند برسوں سے سنیتا آہوجا اور گووندا کے ازدواجی تعلقات سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز رہے ہیں۔ سنیتا ماضی میں انٹرویوز میں کہہ چکی ہیں کہ وہ الگ رہ رہے ہیں اور انہوں نے ازدواجی مسائل کی جانب اشارہ بھی کیا تھا۔ افواہوں میں ایک خاتون کومل کا نام بھی سامنے آیا، تاہم گووندا نے ان قیاس آرائیوں کی تردید کی تھی۔
اگرچہ حالیہ شو میں خاندانی صلح کی جھلک نظر آئی، مگر سنیتا آہوجا کے بے باک بیانات نے ایک بار پھر گووندا کے ساتھ ان کے تعلق پر بحث کو زندہ کر دیا ہے۔
