Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی مشہور نمائش ’بیوٹی ورلڈ ریاض‘ 2027 تک مؤخر

سعودی عرب کا سعودی فلم فیسٹیول بھی مؤخر کر دیا گیا ہے اور اب اس کا 12واں ایڈیشن 25 جون سے یکم جولائی تک منعقد ہوگا۔ (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کی نمایاں بیوٹی نمائش بیوٹی ورلڈ ریاض کو 2027 تک مؤخر کر دیا گیا ہے، جس کا اعلان منتظمین میسے فرینکفرٹ سعودی عرب نے کیا۔
یہ تقریب اس سال 18 سے 20 مئی تک منعقد ہونا تھی۔
عرب نیوز کے مطابق جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی تاریخوں کا مقصد ’نمائش کے بین الاقوامی معیار کو برقرار رکھنا، اعلیٰ معیار کی شرکت کو یقینی بنانا اور مضبوط تجارتی قدر کو قائم رکھنا ہے، جبکہ نمائش کنندگان، سپانسرز، شراکت داروں اور عملے کی حفاظت، فلاح و بہبود اور اعتماد کو ترجیح دی جا رہی ہے۔‘
یہ فیصلہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑے ثقافتی اور صنعتی ایونٹس کے مؤخر ہونے کی ایک وسیع لہر کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
قطر میں ڈیزائن دوحہ بینالے کو بھی دوبارہ شیڈول کیا گیا ہے اور اب یہ 5 سے 7 نومبر تک منعقد ہوگا، جبکہ اس کی نمائشں نئے سال کی شام تک جاری رہیں گی۔ اس ایونٹ کا انعقاد قطر میوزیمز اور ڈیزائن دوحہ کے اشتراک سے کیا جاتا ہے اور اسے ابتدائی طور پر 16 اپریل سے 30 جون تک منعقد ہونا تھا۔
 2024 میں شروع ہونے والا یہ ایونٹ نمائشوں، ایوارڈز، کوچنگ پروگرامز، اشاعتوں اور خصوصی تقریبات پر مشتمل ہوتا ہے۔
سعودی عرب کا سعودی فلم فیسٹیول بھی مؤخر کر دیا گیا ہے اور اب اس کا 12واں ایڈیشن 25 جون سے یکم جولائی تک منعقد ہوگا، جو پہلے 23 سے 29 اپریل تک شیڈول تھا۔ یہ فیسٹیول سینما ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام، کنگ عبدالعزیز سینٹر فار ورلڈ کلچر (اثرا) کے تعاون سے منعقد ہوتا ہے اور اس بار بھی دھہران میں اثرا کے ہیڈکوارٹر میں ہوگا۔
اسی طرح مڈل ایسٹ فلم اینڈ کامک کون اب 11 سے 13 ستمبر تک ابوظہبی کے اے ڈی این ای سی سینٹر میں منعقد ہوگا، جو پہلے 24 سے 26 اپریل تک ہونا تھا۔ منتظمین کے مطابق اس تبدیلی سے زیادہ جامع پروگرام کی تیاری میں مدد ملے گی، جس میں مشہور شخصیات، کامک تخلیق کار، نمائش کنندگان اور مختلف سرگرمیاں شامل ہوں گی۔
ادھر بیوٹی ورلڈ ریاض کے منتظمین کو یقین ہے کہ نئی تاریخوں کے باعث ایونٹ مزید بہتر انداز میں منعقد ہوگا۔
میسے فرینکفرٹ مڈل ایسٹ کی کنزیومر گڈز کی پورٹ فولیو ڈائریکٹر، ٹیریسا ہیٹر نے کہا کہ یہ فیصلہ مارکیٹ کے مختلف شراکت داروں سے مشاورت اور موجودہ حالات کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ترجیح یہ ہے کہ صنعت کو ایسے انداز میں یکجا کیا جائے جو بامعنی روابط، مضبوط کاروباری نتائج اور اعلیٰ معیار کا تجربہ فراہم کرے۔
چیف کمرشل آفیسر فلن رابرٹس نے کہا کہ یہ ایک سوچا سمجھا فیصلہ ہے اور انہیں یقین ہے کہ اس سے ایونٹ کی پوزیشن اور طویل المدتی قدر محفوظ رہے گی، جبکہ تمام شراکت داروں کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔

شیئر: