’بغیر اجازت ڈیٹا کا استعمال‘، گوگل اینڈرائیڈ صارفین کو ساڑھے 13 کروڑ ڈالر دینے پر تیار
امریکا میں نئے قانونی تصفیے کے بعد کروڑوں افراد کو معاوضہ ملنے کا امکان ہے۔(فوٹو:اے ایف پی)
انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل پر برسوں سے یہ الزام عائد کیا جاتا رہا ہے کہ وہ اینڈرائیڈ فونز سے صارفین کی اجازت کے بغیر ڈیٹا حاصل کرتا رہا۔ اب امریکا میں ایک نئے قانونی تصفیے کے بعد تقریباً 10 کروڑ افراد کو معاوضہ ملنے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ سی نیٹ کے مطابق امریکی عدالت میں دائر ایک اجتماعی مقدمے میں الزام لگایا گیا تھا کہ گوگل نے اینڈرائیڈ موبائل ڈیوائسز سے صارفین کی اجازت کے بغیر مختلف معلومات حاصل کیں، جس سے صارفین کا سیلولر ڈیٹا بھی استعمال ہوا۔
مقدمے میں گوگل نے کسی غلطی کا اعتراف کیے بغیر ابتدائی طور پر 13 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے، جبکہ اس حوالے سے قائم کی گئی آفیشل سیٹلمنٹ ویب سائٹ بھی فعال ہو چکی ہے۔
عدالت میں اس تصفیے کی حتمی منظوری کے لیے سماعت 23 جون کو ہو گی، جہاں اعتراضات سننے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا یہ معاہدہ منصفانہ ہے یا نہیں۔
اس دوران اہل صارفین ویب سائٹ پر جا کر اپنی ادائیگی کا طریقہ کار منتخب کر سکتے ہیں۔ صارفین کو 29 مئی تک اعتراض جمع کرانے یا خود کو مقدمے سے الگ کرنے کا بھی اختیار حاصل ہے۔
معاہدے کے تحت گوگل اپنی گوگل پلے سروس کی شرائط میں تبدیلی کرے گا اور واضح کرے گا کہ بعض ڈیٹا ٹرانسفرز صارف کی جانب سے فون استعمال نہ کرنے کی صورت میں بھی جاری رہتے ہیں، جبکہ وائی فائی نہ ہونے پر موبائل ڈیٹا استعمال کیا جا سکتا ہے۔
گوگل نے یہ بھی وعدہ کیا ہے کہ اگر صارف ’الاؤ بیک گراؤنڈ ڈیٹا یوزیج‘ کا آپشن بند کر دے تو کمپنی مکمل طور پر ڈیٹا اکٹھا کرنا روک دے گی۔
کون لوگ اس تصفیے میں شامل ہو سکتے ہیں؟
اس مقدمے میں شامل ہونے کے لیے چند شرائط رکھی گئی ہیں جس میں صارف امریکا میں رہنے والا ایک حیات فرد ہونا لازمی ہے اور اس نے اینڈرائیڈ موبائل فون سیلولر ڈیٹا پلان کے ساتھ استعمال کیا ہو۔
مزید یہ کہ فون کا استعمال 12 نومبر 2017 سے لے کر حتمی عدالتی منظوری تک کسی بھی وقت کیا گیا ہو اور صارف کیلیفورنیا سے متعلق ’سیوپو بمقابلہ گوگل ایل ایل سی‘ مقدمے کا حصہ نہ ہو۔
اہل افراد کو ادائیگی کے لیے نوٹس آئی ڈی اور کنفرمیشن کوڈ درکار ہو گا، جو ای میل یا ڈاک کے ذریعے بھیجا جا رہا ہے۔
صارفین کو کتنی رقم مل سکتی ہے؟
فی الحال یہ واضح نہیں کہ ہر صارف کو کتنی رقم ملے گی، تاہم زیادہ سے زیادہ ادائیگی 100 ڈالر تک ہو سکتی ہے۔
تمام انتظامی، قانونی اور ٹیکس اخراجات نکالنے کے بعد باقی رقم اہل افراد میں برابر تقسیم کی جائے گی۔ اگر رقم بچ گئی تو اسے دوبارہ تقسیم کیا جا سکتا ہے، بصورت دیگر عدالت سے منظور شدہ کسی ادارے کو منتقل کر دیا جائے گا۔