Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمان کے مینا الفحل بندرگاہ سے آپریشنز جاری رکھنے کے اعلان کے بعد تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی

عالمی سطح پر تیل کے ذخائر میں کمی تیسری سہ ماہی میں قیمتوں میں تیزی کا باعث بن سکتی ہے (فوٹو: روئتڑز)
عمان نے کہا ہے کہ مینا الفحل بندرگاہ میں سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں جس کے بعد تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی  دیکھی گئی ہے۔ اس سے قبل برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ایک دھماکے کے بعد تیل کی لوڈنگ روک دی گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق برینٹ کروڈ فیوچرز کی قیمت 24 سینٹ (0.25 فیصد) کم ہو کر 94.79 ڈالر فی بیرل رہ گئی ہے، جبکہ اس سے پچھلے سیشن میں یہ 2.84 فیصد کم ہوئی تھی۔
امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ آئل 92.48 ڈالر فی بیرل پر رہا، جو 56 سینٹ (0.6 فیصد) کی کمی ہے۔ یہ کمی جمعرات کو 3.1 فیصد خسارے کے بعد ہوئی۔
دونوں معاہدے تین ہفتوں میں پہلی بار اس ہفتے منافع میں جا رہے ہیں۔ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ میں 6 فیصد سے زائد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اس کی وجہ مشرق وسطیٰ میں ایران اور امریکہ کے درمیان امن مذاکرات کے دوران کشیدگی کا بھڑک اُٹھنا ہے، جبکہ آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک کی آمدو رفت محدود ہے، جہاں سے دنیا کے تیل کے ایک بڑے حصے کی ترسیل ہوتی ہے۔
پیٹرولیم ڈویلپمنٹ عمان نے جمعہ کو کہا کہ مینا الفحل بندرگاہ میں سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔ اس سے پہلے روئٹرز کو تین ذرائع نے بتایا تھا کہ ایک دھماکے کے بعد بندرگاہ کے قریب تیل کی لوڈنگ معطل کر دی گئی تھی۔
عمان اس ٹرمینل سے روزانہ 8 سے 9 لاکھ بیرل خام تیل برآمد کرتا ہے۔
تجزیہ کاروں نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کے ذخائر میں کمی تیسری سہ ماہی میں قیمتوں میں تیزی کا باعث بن سکتی ہے۔
حزب اللہ کے رہنما نعیم قاسم نے جمعرات کو لبنان اور اسرائیل کے درمیان امریکی ثالثی میں ہونے والے جنگ بندی معاہدے کو مسترد کر دیا۔ ایران نے کہا ہے کہ لبنان میں جنگ بندی امریکہ کے ساتھ کسی بھی امن معاہدے کی شرط ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو کہا کہ ان کے خیال میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان پیش رفت ہو رہی ہے اور لبنان کو امن کا حق حاصل ہے۔

آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک کی آمدو رفت محدود ہے، جہاں سے دنیا کے تیل کے ایک بڑے حصے کی ترسیل ہوتی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

آئی جی مارکیٹ کے تجزیہ کار ٹونی سی کامور کے مطابق، مجموعی طور پر امید کی ہر کوشش خبروں اور جوابی خبروں کے پیچیدہ جال میں دب جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تکنیکی نقطۂ نظر سے جب تک ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کم از کم 80 ڈالر کی سطح سے اوپر ہے، قیمتوں میں اضافے کا رجحان غالب رہے گا۔
تنظیم کے سیکریٹری جنرل حیتھم الغیث نے جمعرات کو کہا کہ اوپیک نے اس سال کے لیے تیل کی طلب میں اضافے کی پیش گوئی مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی صورتحال کے باوجود 1.2 ملین بیرل یومیہ پر برقرار رکھی ہے۔
جہاز رانی سے متعلق اعداد و شمار کے مطابق ایران کی تیل برآمدات گزشتہ چھ سال کی کم ترین سطح پر آ گئی ہیں، جس کی بڑی وجہ امریکہ کی جانب سے ایران کی بحری ناکہ بندی ہے، تاہم چین میں بھی کمزور طلب نے قیمتوں پر دباؤ ڈالا ہے۔

شیئر: