Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کی تاریخ میں طویل ترین عرصے تک حکومت، وزیرِاعظم نریندر مودی کا ریکارڈ

جواہر لعل نہرو کی بطور منتخب وزیرِاعظم اقتدار کی مجموعی مدت 4 ہزار 398 دنوں پر محیط تھی (فائل فوٹو: پی ٹی آئی)
نریندر مودی، انڈیا کی تاریخ میں طویل ترین عرصے تک حکومت کرنے والے منتخب وزیرِاعظم بن گئے ہیں، انہوں نے بدھ کو ملک کے پہلے وزیراعظم جواہر لعل نہرو کا سب سے زیادہ دنوں تک حکومت کرنے کا ریکارڈ توڑ دیا۔
عرب نیوز کے مطابق نریندر مودی نے 26 مئی 2014 کو پہلی مرتبہ وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھایا تھا، اور اب وہ مسلسل 4 ہزار 399 روز تک اقتدار میں گزار چکے ہیں، جبکہ جواہر لعل نہرو کی بطور منتخب وزیرِاعظم اقتدار کی مجموعی مدت 4 ہزار 398 دنوں پر محیط تھی۔
اگرچہ جواہر لعل نہرو کی وزارتِ عظمیٰ 1947 میں انڈیا کی آزادی سے شمار کی جاتی ہے، لیکن مودی کا یہ ریکارڈ 1952 کے پہلے عام انتخابات کے بعد کے دور سے شمار کیا گیا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک بیان میں کہا کہ ’عوامی خدمت ہی گوڈ گورننس کا سب سے بڑا پیمانہ ہے۔ صرف وہی شخص عوام کا اعتماد حاصل کرتا ہے جو عاجزی، لگن اور فرض شناسی کے ساتھ انتھک محنت کرتا ہے۔‘
سنہ 2024 میں نریندر مودی، جواہر لعل نہرو کے بعد مسلسل تیسری مرتبہ انڈیا کے وزیراعظم منتخب ہوئے۔ اس کامیابی نے ان کی ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اس کی اتحادی حکومت نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کو مزید تقویت دی۔
75 برس کے نریندر مودی کی قیادت میں انڈیا کی معیشت گذشتہ برس کے اختتام تک 4.19 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئی، جس کے بعد انڈیا مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے لحاظ لحاظ سے جاپان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کی چوتھی بڑی معیشت بن گیا۔
گذشتہ 12 برسوں کے دوران نریندر مودی نے بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں اور مختلف فلاحی پروگراموں کی نگرانی کی، جن کے بارے میں حکومت کا دعویٰ ہے کہ اِن سے 25 کروڑ سے زائد افراد کو اِنتہائی غربت کی لکیر سے نکالنے میں مدد ملی۔
انہوں نے برطانیہ، متحدہ عرب امارات اور عمان سمیت کئی ممالک کے ساتھ اہم آزاد تجارتی معاہدوں (فری ٹریڈ ایگریمنٹس) پر بھی دستخط کیے۔

 

شیئر: