Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لندن میں برٹش ایشین ٹرسٹ کی تقریب، ماہرہ خان کی کنگ چارلس سے ملاقات

ماہرہ خان نے ایک اور انسٹاگرام سٹوری میں تقریب سے خطاب کی جھلک بھی شیئر کی۔(فوٹو: برٹش ایشین ٹرسٹ انسٹاگرام)

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے لندن میں منعقدہ برٹش ایشین ٹرسٹ کی سالانہ تقریب میں شرکت کی، جہاں ان کی برطانیہ کے شاہ چارلس سوم سے ملاقات ہوئی۔

برٹش ایشین ٹرسٹ کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصاویر میں شاہ چارلس سوم کو تقریب کے شرکا سے ملاقات کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جن میں ماہرہ خان بھی شامل تھیں۔

ادارے نے اپنی پوسٹ میں شاہ چارلس سوم کی تقریب میں شرکت کو اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں فلاحی کاموں کے لیے تعاون کرنے والے افراد اس موقع پر اکٹھے ہوئے۔

اداکارہ نے ایک اور انسٹاگرام سٹوری میں تقریب سے خطاب کی جھلک بھی شیئر کی۔ اس پوسٹ میں برٹش ایشین ٹرسٹ نے ماہرہ خان کو اپنے سفیر (ایمبیسیڈر) کے طور پر سراہتے ہوئے ان کے خطاب کا حوالہ دیا۔

برٹش ایشین ٹرسٹ کی پوسٹ کے مطابق ماہرہ خان نے ذہنی صحت اور اس سے وابستہ سماجی رویوں پر گفتگو کی، جسے تقریب کے شرکا نے سراہا۔


تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے ماہرہ خان کی تعریف کی۔ (فوٹو: برٹش ایشین ٹرسٹ انسٹاگرام)

ماہرہ خان نے بھی اپنی انسٹاگرام سٹوری میں شاہ چارلس سوم کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی، جس میں دونوں کو برٹش ایشین ٹرسٹ کے بیک ڈراپ کے سامنے دیکھا جا سکتا ہے۔


 صارف واصف فاروقی نے لکھا کہ ماہرہ خان ہمیشہ کی طرح پاکستان کا نام روشن کر رہی ہیں۔ (فوٹو:  ماہرہ خان انسٹاگرام)

تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے بھی ماہرہ خان کی تعریف کی۔ 
انسٹاگرام پر ایک صارف واصف فاروقی نے لکھا کہ ماہرہ خان ہمیشہ کی طرح پاکستان کا نام روشن کر رہی ہیں۔
ایک اور صارف بینظیر نے انہیں باعثِ فخر قرار دیا جبکہ فائحہ عدنان نے انہیں ایک باوقار خاتون قرار دیا ہے۔

شیئر: