Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ 2026: ایک میلہ لیاری میں بھی سج گیا، شائقین پُرجوش

پاکستان کئے سب سے بڑے شہر کراچی کے علاقے لیاری میں فیفا ورلڈ کپ کے میچز دیکھنے کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ فٹ بال سے گہری وابستگی رکھنے والے اس علاقے میں شائقین اپنی اپنی پسندیدہ ٹیموں کی حمایت کے لیے بے حد پرجوش نظر آرہے ہیں۔
علاقے کے مختلف محلوں اور چوراہوں پر بڑی سکرینیں نصب کر دی گئی ہیں جبکہ قومی اور بین الاقوامی ٹیموں کے جھنڈوں سے گلیوں کو سجایا گیا ہے۔
مقامی نوجوانوں کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کا آغاز ہوتے ہی لیاری میں عید جیسا سماں پیدا ہو جاتا ہے۔ شائقین رات گئے تک میچز دیکھنے اور اپنی ٹیموں کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی اجتماعات کا اہتمام کرتے ہیں۔ 
کئی مقامات پر ساؤنڈ سسٹم اور بیٹھنے کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں تاکہ لوگ بہتر ماحول میں میچز سے لطف اندوز ہو سکیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق لیاری کو پاکستان کا فٹ بال مرکز سمجھا جاتا ہے اور یہاں کے نوجوان اس کھیل سے خصوصی لگاؤ رکھتے ہیں۔ ورلڈ کپ کے دوران مقامی سطح پر فٹ بال کی سرگرمیوں میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
شائقین نے امید ظاہر کی ہے کہ اس بار بھی عالمی ایونٹ سنسنی خیز مقابلوں اور یادگار لمحات سے بھرپور ہوگا۔
یاد رہے کہ جمعرات کو پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی فیفا ورلڈ کپ اور لیاری میں میگا ایونٹ کے میچز براہِ راست دکھانے کے حوالے سے ایک ویڈیو بیان جاری کیا تھا۔
برازیلین ٹیم کی پیلی جرسی پہن کر بلاول بھٹو زرداری نے اہلِ کراچی کو میگا ایونٹ کے میچز لیاری کے انٹرنیشنل سٹیڈیم میں براہ راست دیکھنے کی دعوت دی۔
انہوں نے کراچی کے شائقین فٹ بال کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ لیاری کے سٹیٖڈیم میں آئیں اور تمام میچز براہِ راست انجوائے کریں، اُن کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔‘

شیئر: