Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رواں برس بالی وُڈ کی کون کون سی اہم فلمیں ریلیز ہونے والی ہیں؟

 ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ رواں ماہ کی 26 تاریخ کو ریلیز کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے (فوٹو: ویلکم ٹو دی جنگل)
رواں برس کے باقی چھ ماہ کے دوران بالی وڈ کی متعدد بڑی اور ہائی پروفائل فلمیں ریلیز کے لیے تیار ہیں، جن میں سپرسٹارز سے بھرپور کامیڈی، ایکشن، تھرلر اور سیکوئل فلمیں شامل ہیں۔
ان منصوبوں میں کچھ فلمیں باقاعدہ ریلیز ڈیٹ کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں، جبکہ کچھ اب بھی پروڈکشن یا تاخیر کے مراحل میں ہیں۔
فلموں کی رینکنگ کے متعلقہ مشہور ڈیٹا بیس ویب سائٹ ’آئی ایم ڈی بی‘ نے ان فلموں کی فہرست جاری کی ہے۔
آئیے آپ کو رواں برس ریلیز ہونے والی فلموں کے بارے میں بتاتے ہیں۔

’ویلکم ٹو دی جنگل‘

کامیڈی اور ایکشن سے بھرپور فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ رواں ماہ کی 26 تاریخ کو ریلیز کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
فلم میں کہانی پولیس افسران جے بکش اور سندھیہ کے گرد گھومتی ہے جو خطرناک مجرم راج سولنکی کا پیچھا کرتے ہیں، لیکن جلد ہی انکشاف ہوتا ہے کہ اس کیس کا تعلق مرکزی کردار کی اپنی زندگی سے بھی جُڑا ہوا ہے۔
ہدایت کاری احمد خان کر رہے ہیں جبکہ سکرپٹ فرہاد سمجی نے لکھا ہے۔ فلم کی خاص بات اس کی بڑی سٹار کاسٹ ہے جس میں اکشے کمار، سنیل شیٹی، پرش راول، جانی لیور، ارشد وارثی، راجپال یادو، جیکے شراف، دیشا پاٹنی، لارا دتہ، جیکلین فرنینڈز سمیت کئی بڑے نام شامل ہیں۔

’ہیرا پھیری تھری‘

’ہیرا پھیری تھری‘ مشہور کامیڈی فرنچائز کا تیسرا حصہ مداحوں کے لیے سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلموں میں شامل ہے۔ اس بار بھی رجو، شیام اور بابو راؤ کی مشہور جوڑی ایک نئے مزاحیہ مگر خطرناک ایڈونچر میں نظر آئے گی۔
کہانی میں ایک خفیہ خزانے، غلط فہمیوں اور جرائم سے جڑے واقعات شامل ہیں جو فلم کو مزاح اور سنسنی سے بھر دیتے ہیں۔
فلم کی ہدایت کاری پریادرشن کر رہے ہیں جبکہ اس میں اکشے کمار، سنیل شیٹی اور سنجے دت جیسے بڑے اداکار شامل ہیں۔ اس پروجیکٹ کی پروڈکشن اور کاسٹنگ میں کئی بار تبدیلیاں اور تاخیر بھی دیکھنے میں آئیں، تاہم 2025 میں اس پر دوبارہ پیش رفت کی تصدیق کی گئی۔

’پریم کی شادی‘

فلم ’پریم کی شادی‘ ایک ایسے شخص کی کہانی ہے جو شادی سے بار بار انکار کرتا ہے کیونکہ وہ اپنی زندگی میں غصے اور جھگڑوں سے بچنا چاہتا ہے۔ بعد ازاں اس کے والد ایک ’سویمبر‘ کا اہتمام کرتے ہیں جہاں کہانی نیا موڑ لیتی ہے۔
فلم کی ہدایت کاری سورج برجاتیا کر رہے ہیں جبکہ اس میں سلمان خان، انوپم کھیر اور سانیا ملہوترا مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔

’ٹاکسک‘

یہ ایک سنسنی خیز اور ڈرامائی فلم ہے جو گوا کے ساحلی علاقے میں ایک طاقتور منشیات مافیا کے گرد گھومتی ہے، جہاں خوبصورت ماحول کے پیچھے جرائم کی تاریک دنیا چھپی ہوئی ہے۔
ہدایت کار گیٹو موہنداس ہیں جبکہ فلم میں یش، نینتارا اور کیارا اڈوانی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ فلم ایک مختلف دور اور سخت تھرلر انداز میں پیش کی جائے گی۔

سالار ٹو کی ہدایت کاری پرشانتھ نیل کر رہے ہیں (فوٹو: فلم سالار)

’سالار ٹو‘

’سالار‘ کی شاندار کامیابی کے بعد ’سالار ٹو‘ بھی شائقین کے لیے ایک بڑا پراجیکٹ ہے۔ یہ کہانی ڈسٹوپین شہر کھانسار میں طاقت کی کشمکش اور بدلتے اتحادوں کے درمیان دو کرداروں کے پیچیدہ تعلقات کو دکھاتی ہے۔
ہدایت کاری پھر سے پرشانتھ نیل کر رہے ہیں جبکہ فلم میں پربھاس، پرتھوی راج سکمّرن اور شروتی ہاسن شامل ہیں۔
بالی وڈ کی یہ آنے والی فلمیں نہ صرف بڑے ستاروں سے بھرپور ہیں بلکہ مختلف جینرز، کامیڈی، ایکشن، تھرلر اور ڈراما میں ناظرین کے لیے ایک بڑا سنیما تجربہ پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہیں۔

شیئر: