اس سے قبل انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے تھے۔
انڈیا کی جانب سے سمرتی مندھانا 68 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال اور فاطمہ ثنا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل انڈیا کی کپتان حرم پریت کور نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا انتخاب کیا تھا جبکہ اس موقعے پر دونوں کپتانوں کے درمیان مصافحہ نہیں ہوا تھا۔
ٹاس کے موقع پر پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا کا کہنا تھا کہ ’ٹیم کی میچ کے لیے بھرپور تیاری ہے۔‘
پاکستان کی اننگز
پاکستان کی اننگز کا آغاز محتاط انداز میں ہوا، مگر انڈیا کی نپی تلی بولنگ کے سامنے کوئی بھی بیٹر بڑی اننگز نہ کھیل سکی۔ اوپنر منیبہ علی نے مزاحمت دکھاتے ہوئے 35 گیندوں پر 41 رنز بنائے، تاہم وہ رن آؤٹ ہو گئیں اور ان کی وکٹ پاکستان کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہوئی۔
اس کے بعد گل فیروزہ نو گیندوں پر 12 رنز بنا کر دیپتی شرما کا شکار بنیں جبکہ عائشہ ظفر بھی آٹھ گیندوں پر 12 رنز بنا کر اسی بولر کی دوسری وکٹ بنیں۔
درمیانی اوورز میں پاکستان کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر دباؤ میں نظر آئی۔ سائرہ جبین تین گیندوں پر دو رنز اور نتالیہ پرویز 13 گیندوں پر سات رنز بنا کر شری چارانی کا شکار بنیں۔
کپتان فاطمہ ثنا بدقسمتی سے کوئی رن بنائے بغیر شافالی ورما کے ہاتھوں آؤٹ ہوئیں، جبکہ عالیہ ریاض نے مزاحمت کرتے ہوئے 17 گیندوں پر 18 رنز سکور کیے مگر وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکیں۔
نچلے آرڈر میں پاکستان کی وکٹیں تیزی سے گرتی رہیں۔ رمین شميم چار رنز، نشرہ سندھو چار رنز اور تسمیہ رباب بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئیں۔ آخری وکٹ سعدیہ اقبال کے حصے میں آئی جو ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔
پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال نے دو وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کی جانب سے سب سے تباہ کن بولنگ دیپتی شرما نے کی جنہوں نے صرف 10 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کی بیٹنگ لائن کو مکمل طور پر تہس نہس کر دیا۔
ان کے علاوہ شری چارانی نے بھی 4 اوورز میں 21 رنز دے کر تین اہم وکٹیں حاصل کیں۔ شافالی ورما نے بھی ایک وکٹ اپنے نام کی۔
انڈیا کی اننگز
انڈیا کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا۔ اوپنر شفالی ورما نے پانچ گیندوں پر چھ رنز بنائے اور سعدیہ اقبال کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئیں۔ اس کے بعد جمیما روڈریگز بھی زیادہ دیر نہ ٹھہر سکیں اور سات گیندوں پر ایک رن بنا کر تسمیہ رباب کا شکار بن گئیں۔
سمرتی مندھانا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 44 گیندوں پر 68 رنز سکور کیے، جس میں نو چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ وہ ٹیم کی سب سے نمایاں بلے باز رہیں لیکن رمین شميم کی گیند پر آؤٹ ہو گئیں۔
کپتان ہرمن پریت کور نے 35 گیندوں پر 36 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جبکہ بھارتی فلمالی صرف ایک رن بنا سکیں اور سعدیہ اقبال کی دوسری وکٹ بنیں۔
وکٹ کیپر رچا گھوش نے آخری اوورز میں جارحانہ کھیل پیش کیا اور 17 گیندوں پر 34 رنز سکور کیے جس میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، تاہم وہ فاطمہ ثنا کی گیند پر آؤٹ ہو گئیں۔
دیپتی شرما 12 اور شریشانکا پاٹل ایک رن کئے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔
پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال اور فاطمہ ثنا نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ رمین شميم اور تسمیہ رباب نے ایک، ایک وکٹ لی۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
اس میچ میں پاکستان کی پلیئنگ الیون میں منیبہ علی، گل فیروزہ، عائشہ ظفر، سائرہ جبین، عالیہ ریاض، نتالیہ پرویز، فاطمہ ثنا (کپتان)، رمین شميم، نشرہ سندھو، تسمیہ رباب اور سعدیہ اقبال شامل تھیں۔
انڈیا کی پلیئنگ الیون
اس میچ میں انڈیا کی پلیئنگ الیون سمرتی مندھانا، شفالی ورما، جمیما روڈریگز، ہرمن پریت کور (کپتان)، بھارتی فلمالی، رچا گھوش، دیپتی شرما، اروندھتی ریڈی، شریانکا پاٹل، شری چارانی اور کرانتی گوڑ پر مشتمل تھی۔