بالی وُڈ ایکٹر کارتک آریان نے 18 کلو وزن کیسے کم کیا؟
کارتک آریان نے اپنی نئی آنے والی فلم کے لیے وزن کم کیا (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وُڈ کے مشہور اداکار کارتک آریان نے فلم ’چندو چیمپیئن‘ کے لیے اپنی حیران کن جسمانی تبدیلی سے مداحوں اور ناقدین سب کو متاثر کیا ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق فلم میں ایک باکسر کا کردار نبھانے کے لیے کارتک آریان نے نہ صرف 18 کلو وزن کم کیا بلکہ اپنی فٹنس کو بھی ایک نئی سطح تک پہنچایا، وہ بھی بغیر کسی پرفارمنس بڑھانے والی دوا کے استعمال کے۔
کارتک آریان نے اس کردار کے لیے مسلسل 14 ماہ تک باکسنگ کی تربیت حاصل کی۔
اس دوران انہوں نے اپنی خوراک سے چینی مکمل طور پر نکال دی اور ایک انتہائی سخت فٹنس روٹین پر عمل کیا۔ ان کے ٹرینر تریدیو پانڈے کے مطابق ’پورا تربیتی پروگرام ایک حقیقی باکسر کی تیاری کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا تھا، جیسا کہ کوئی کھلاڑی بڑے مقابلوں کی تیاری کرتا ہے۔‘
کارتک آریان نے اپنا وزن 90 کلوگرام سے کم کر کے 72 کلوگرام تک پہنچایا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جب انہوں نے تربیت کا آغاز کیا تو وہ ایک بھی پش اپ نہیں لگا سکتے تھے لیکن مسلسل محنت اور مشق کے بعد وہ اپنی پیٹھ پر 50 سے 60 کلو اضافی وزن رکھ کر پش اپس کرنے لگے۔
اسی طرح رسی کودنے کی مشق میں بھی ان کی صلاحیت میں نمایاں بہتری آئی۔ ابتدا میں وہ بنیادی فٹ ورک میں بھی مشکلات کا شکار تھے، تاہم بعد میں وہ رسی کودنے کی 14 سے 15 جدید اور مشکل اقسام باآسانی انجام دینے لگے۔
کئی ماہ کی سخت محنت، نظم و ضبط اور مسلسل تربیت کے بعد کارتک آریان نہ صرف ایک پیشہ ور باکسر جیسے دکھائی دینے لگے بلکہ فلم میں ان کی اداکاری اور جسمانی تیاری کو بھی شائقین اور ناقدین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔ ان کی یہ تبدیلی اس بات کی مثال ہے کہ مستقل مزاجی اور محنت کے ذریعے غیر معمولی نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
