’پاکستانیوں کا شکریہ‘، امریکی صدر بننے کے سوال پر جون سینا نے کیا جواب دیا؟
’پاکستانیوں کا شکریہ‘، امریکی صدر بننے کے سوال پر جون سینا نے کیا جواب دیا؟
جمعہ 19 جون 2026 5:41
امریکی ریسلنگ لیجنڈ اور ہالی وڈ اداکار جان سینا کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہی ہے جس میں انہوں نے ایک پاکستانی مداح کے سوال پر پاکستان میں موجود اپنے مداحوں کے لیے خصوصی پیغام دیا ہے۔
سوال و جواب کی ایک تقریب کے دوران پاکستان سے تعلق رکھنے والے ابو ہریرہ خان نے جان سینا کو بتایا کہ اگرچہ ڈبلیو ڈبلیو ای کبھی پاکستان نہیں آئی، تاہم ان کا پیغام اور مقبولیت پاکستانی مداحوں تک ہمیشہ پہنچتی رہی ہے۔
انہوں نے جان سینا سے پاکستان میں موجود مداحوں کے لیے پیغام دینے کی درخواست کی اور ساتھ ہی ایک ایسا سوال بھی کر دیا جس پر ریسلنگ سٹار سمیت ہال میں موجود حاضرین بھی مسکرا اٹھے۔
ابو ہریرہ خان نے پوچھا کہ کیا وہ کبھی ’امریکہ کے صدر‘ بننے پر غور کریں گے؟
سوال سن کر جان سینا مسکرا دیے جبکہ ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ بعدازاں انہوں نے صدارت سے متعلق سوال کا مختصر جواب دیتے ہوئے کہا ’میں ریٹائر ہو چکا ہوں۔‘
اس سے قبل جان سینا نے پاکستانی مداح کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ’میرے خیال میں آپ دنیا بھر میں موجود میرے مداحوں کے لیے میری جانب سے اظہارِ تشکر کے بہترین نمائندہ ہیں۔ پاکستان میں موجود تمام مداحوں کا بہت شکریہ۔‘
ٹک ٹاک پر ’ایم شعیب‘ نامی صارف کی جانب سے شیئر کی گئی اس ویڈیو کو اب تک لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے، جبکہ اسے دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا جا رہا ہے۔
ٹک ٹاک پر ’ایم شعیب‘ نامی صارف کی جانب سے شیئر کی گئی اس ویڈیو کو اب تک لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے۔(فوٹو:ایم شعیب، ٹک ٹاک)
یہ مختصر مگر دلچسپ مکالمہ سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
بعض افراد نے پاکستانی مداح کے اعتماد کو سراہا، جبکہ کئی صارفین نے پاکستان کے لیے جان سینا کے پیغام کو خوشگوار لمحہ قرار دیا۔
جان سینا نے دسمبر 2025 میں 23 سالہ ریسلنگ کیریئر کے بعد ان رنگ مقابلوں سے ریٹائرمنٹ اختیار کی تھی، تاہم وہ اب بھی مختلف تقریبات، عوامی پروگراموں اور مداحوں سے ملاقاتوں میں شرکت کرتے رہتے ہیں۔