Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا نے جینز برانڈ لیوائز کو ’خاموش کیا‘، مگر ایک تصویر نے ساری کہانی بدل دی

امریکی جینز برانڈ ’لیوائز‘ نے اپنے لوگو کو منفرد انداز میں چھپا کر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
فٹ بال ورلڈ کپ 2026 کے دوران امریکی جینز برانڈ ’لیوائز‘ نے اپنے مشہور لوگو کو منفرد انداز میں چھپا کر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل کلچر سے متعلق ویب سائٹ میش ایبل کے مطابق کیلیفورنیا کے شہر سانتا کلارا میں واقع ’لیوائز سٹیڈیم‘ میں ورلڈ کپ کا ایک میچ کھیلا گیا، تاہم فیفا کے قواعد کے تحت ٹورنامنٹ کے دوران سٹیڈیم کو اس کے اصل نام سے نہیں پکارا جا رہا۔
ورلڈ کپ کے دوران اس میدان کو عارضی طور پر ’سان فرانسسکو بے ایریا سٹیڈیم‘ کا نام دیا گیا ہے۔
فیفا کے قوانین کے مطابق ورلڈ کپ میچز کی میزبانی کرنے والے سٹیڈیمز میں موجود ایسے برانڈز کے نام اور لوگو چھپائے جاتے ہیں جو ٹورنامنٹ کے آفیشل سپانسرز میں شامل نہیں ہوتے۔
اسی وجہ سے 68 ہزار تماشائیوں کی گنجائش رکھنے والے لیوائز سٹیڈیم پر موجود برانڈ کے لوگو کو بھی ڈھانپ دیا گیا۔
تاہم لیوائز نے اس صورت حال کو محض ایک پابندی کے بجائے ایک تخلیقی مہم میں تبدیل کر دیا۔
دیگر سٹیڈیمز کی طرح صرف بینرز لگانے کے بجائے کمپنی نے اپنے لوگو پر سفید رنگ کی ایک چادر نما تہہ لپیٹ دی، جس سے نام تو چھپ گیا لیکن لوگو کی شناخت پھر بھی برقرار رہی۔
کمپنی نے اس پر مزاحیہ انداز میں ردعمل دیتے ہوئے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ریل بھی شیئر کی۔
ویڈیو میں ڈھانپے گئے لوگو کو دکھاتے ہوئے لیوائز نے لکھا ’دنیا کو خوبصورت (نام حذف شدہ) سٹیڈیم میں خوش آمدید۔‘
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Levi's (@levis)

اس ریل میں سوشل میڈیا پر مقبول آڈیو کلپ ’نوبڈی از گونا نو‘ (کسی کو پتہ نہیں چلے گا) بھی استعمال کی گئی۔
لیوائز نے صرف سٹیڈیم تک ہی بات محدود نہیں رکھی بلکہ اپنے انسٹاگرام پروفائل کی تصویر میں بھی لوگو کو ڈیجیٹل طور پر سفید پردے سے ڈھانپ دیا۔

اس منفرد اقدام کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے کمپنی کے تخلیقی انداز کو خوب سراہا اور اسے ورلڈ کپ کے دوران برانڈ مارکیٹنگ کی ایک دلچسپ مثال قرار دیا۔
میش ایبل کے مطابق ورلڈ کپ کے دوران سانتا کلارا کے اس میدان میں لیوائز کا نام بظاہر چھپا ہوا ہے، تاہم لوگ اب بھی بخوبی جانتے ہیں کہ یہ مشہور جینز برانڈ ہی کا سٹیڈیم ہے۔

شیئر: