25 سال بعد سیف علی خان اور فرحان اختر ایک ساتھ، ہیروئن کون ہوں گی؟
سیف علی خان نے ریتیش سدھوانی اور فرحان اختر کی پروڈکشن میں بننے والی ایک نئی تھرلر فلم سائن کر لی ہے (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وڈ کے مشہور اداکار سیف علی خان 25 سال بعد ایک بار پھر فلم ساز فرحان اختر اور ’ایکسل انٹرٹینمنٹ‘ کے ساتھ کام کرنے جا رہے ہیں۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق سیف علی خان نے ریتیش سدھوانی اور فرحان اختر کی پروڈکشن میں بننے والی ایک نئی تھرلر فلم سائن کر لی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اگرچہ فلم کا باضابطہ اعلان ابھی نہیں کیا گیا، تاہم منصوبہ اس وقت تحریری مراحل میں ہے اور رواں سال کے آخر تک اس کی شوٹنگ شروع ہونے کا امکان ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ ایک سنسنی خیز تھرلر فلم ہوگی جس میں اخلاقیات، سماجی رویوں اور پیچیدہ انسانی معاملات کو موضوع بنایا جائے گا۔ فلم میں سیف علی خان مرکزی کردار ادا کریں گے جبکہ ان کے مقابل ایک معروف اداکارہ کو کاسٹ کیے جانے پر غور جاری ہے۔ تاحال فلم کے ہدایت کار کا انتخاب بھی نہیں کیا گیا۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سیف علی خان اس منصوبے کا حصہ بننے پر رضامند ہو چکے ہیں اور فرحان اختر کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کے لیے پُرجوش ہیں۔ دونوں فنکاروں کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط پیشہ ورانہ اور ذاتی تعلقات موجود ہیں۔
یہ نیا اشتراک اس لیے بھی خاص اہمیت رکھتا ہے کہ سیف علی خان اور فرحان اختر کی شہرۂ آفاق فلم ’دل چاہتا ہے‘ کو رواں برس 25 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ سنہ 2001 میں ریلیز ہونے والی اس فلم کو ہندی سینما کی کلاسک فلموں میں شمار کیا جاتا ہے، جس نے دوستی، تعلقات اور نوجوان نسل کی زندگی کو ایک منفرد انداز میں پیش کیا تھا۔
سیف علی خان حال ہی میں نیٹ فلکس انڈیا کی فلم ’کرتویہ‘ میں ایک پولیس افسر کے کردار میں نظر آئے تھے۔ ان کے آئندہ منصوبوں میں ہدایت کار پریادرشن کی فلم ’حیوان‘ بھی شامل ہے، جس میں وہ اکشے کمار کے ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔
اس کے علاوہ سیف علی خان ہدایت کار راہول ڈھولکیا کی نیٹ فلکس فلم کا بھی حصہ ہیں، جو انڈیا کے پہلے عام انتخابات کے پس منظر پر مبنی ایک تاریخی کہانی پیش کرے گی۔
مداح اب بے صبری سے اس نئی تھرلر فلم کے باضابطہ اعلان اور مزید تفصیلات کے منتظر ہیں، جو سیف علی خان اور فرحان اختر کو ایک بار پھر ایک ہی پروجیکٹ میں اکٹھا کرے گی۔
