بالی وڈ کی مشہور رومانوی فلم ’جب وی میٹ‘ شاہد کپور کی وجہ سے کیسے بنی؟
امتیاز علی نے کہا کہ شاہد کپور کے اعتماد نے انہیں بھی حوصلہ دیا کہ وہ فلم کو آگے بڑھائیں۔ (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی ووڈ کی مقبول رومانوی فلم ’جب وی میٹ‘ ریلیز کے تقریباً دو دہائیوں کے بعد بعد بھی شائقین کے دلوں میں خاص مقام رکھتی ہے۔ امتیاز علی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں شاہد کپور اور کرینہ کپور نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، جبکہ اس کی کہانی، مکالمے اور موسیقی آج بھی بے حد پسند کیے جاتے ہیں۔
اب فلم کے ہدایت کار امتیاز علی نے انکشاف کیا ہے کہ ’جب وی میٹ‘ حقیقت میں شاہد کپور کے اعتماد اور دلچسپی کی بدولت بن سکی۔
انڈین میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں امتیاز علی نے بتایا کہ وہ ابتدا میں شاہد کپور سے ایک دوسری فلم کے سلسلے میں ملنے گئے تھے، لیکن ملاقات کے دوران شاہد نے ان سے پوچھا کہ کیا ان کے پاس ایسی کوئی کہانی ہے جس میں ایک لڑکا اور لڑکی ٹرین میں ملتے ہوں۔
امتیاز علی کے مطابق’سچ پوچھیں تو ’جب وی میٹ‘ شاہد کی وجہ سے بنی۔ میں ان سے کسی اور فلم پر بات کرنے گیا تھا، لیکن انہوں نے اس کہانی کے بارے میں پوچھا۔ میں نے بتایا کہ یہ سکرپٹ پہلے بوبی دیول کے ساتھ بننی تھی، مگر وہ منصوبہ آگے نہ بڑھ سکا۔ پھر میں نے شاہد کو پوری کہانی سنائی، اور وہ فوراً اس میں دلچسپی لینے لگے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ شاہد نے کہانی سننے کے بعد کہا ’ہم یہ فلم کیوں نہیں بنا رہے؟ کیا میں یہ کردار نہیں کر سکتا؟‘
امتیاز علی نے کہا کہ شاہد کپور کے اعتماد نے انہیں بھی حوصلہ دیا کہ وہ فلم کو آگے بڑھائیں اور پروڈیوسر سے بہتر بجٹ اور اچھی ریلیز کا مطالبہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ’شاہد کو یقین تھا کہ یہ ایک بہترین فلم بن سکتی ہے۔ انہی کے اعتماد کی وجہ سے ہم نے پروڈیوسر کو قائل کیا کہ فلم کو اچھے بجٹ اور مناسب ریلیز کے ساتھ بنایا جائے۔ آخرکار فلم نے شاندار کامیابی حاصل کی اور آج سب اس پر خوش ہیں۔‘
واضح رہے کہ 2007 میں ریلیز ہونے والی ’جب وی میٹ‘ بالی ووڈ کی کامیاب ترین رومانوی فلموں میں شمار ہوتی ہے۔ فلم میں شاہد کپور کا آدتیہ کشیپ اور کرینہ کپور خان کا گیت کا کردار آج بھی ہندی سینما کے یادگار کرداروں میں شامل ہے۔
