Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وائرل ویل چیئر ویڈیو: فکر کی کوئی بات نہیں، گلوکارہ الکا یاگنک

الکا یاگنک کو حال ہی میں انڈیا کا اعلیٰ سول اعزاز ’پدما بھوشن‘ دیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)
معروف انڈین پلے بیک گلوکارہ الکا یاگنک نے سوشل میڈیا پر اپنی ویل چیئر میں نظر آنے والی وائرل ویڈیو کے بعد مداحوں کو اپنی صحت کے بارے میں آگاہ کیا ہے اور انہیں فکر نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق یہ ویڈیو اس وقت سامنے آئی تھی جب وہ نئی دہلی میں منعقدہ ایک ایوارڈ سرمنی میں شرکت کے بعد باہر نکل رہی تھیں۔
ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ان کی صحت سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں تھیں۔
الکا یاگنک نے انسٹاگرام پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ ٹھیک ہیں اور صحتیابی کے عمل سے گزر رہی ہیں۔ ان کے مطابق طویل اور اہم دن کے بعد وہ تھکن کا شکار تھیں، اسی وجہ سے انہوں نے سہولت کے لیے وہیل چیئر استعمال کی۔
انہوں نے لکھا کہ مداحوں کی محبت اور دعائیں ان کے لیے بہت اہم ہیں اور وہ ان سب کی شکر گزار ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ ’براہِ کرم پریشان نہ ہوں، میں بہتر محسوس کر رہی ہوں۔‘
الکا یاگنک کو حال ہی میں انڈیا کا اعلیٰ سول اعزاز ’پدما بھوشن‘ دیا گیا، جو انہیں ایک خصوصی تقریب میں انڈیا کی صدر دروپدی مرمو نے عطا کیا۔ یہ تقریب راشٹرپتی بھون، نئی دہلی میں منعقد ہوئی۔
گلوکارہ نے انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی، وزارت داخلہ اور حکومتِ انڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
انہوں نے اپنے جذباتی پیغام میں کہا کہ یہ اعزاز صرف ان کا نہیں بلکہ ان تمام سامعین کا ہے جنہوں نے برسوں تک ان کی آواز کو پسند کیا اور ساتھ دیا۔ ان کے مطابق ’یہ لمحہ میری کی جدوجہد، محبت اور مداحوں کی حمایت کی علامت ہے۔‘
الکا یاگنک نے یہ بھی بتایا کہ وہ گزشتہ دو سال سے صحت کے مسائل سے دوچار ہیں، تاہم اب آہستہ آہستہ معمول کی زندگی کی طرف لوٹ رہی ہیں۔

انڈیا کی مشہور ترین پلے بیک سنگر الکا یاگنک

الکا یاگنک انڈین فلمی موسیقی کی سب سے مقبول آوازوں میں شمار ہوتی ہیں۔ وہ متعدد سپرہٹ گانوں جیسے ’ایک دو تین‘، ’چورا کے دل میرا‘ اور ’ٹپ ٹپ برسا پانی‘ کے لیے مشہور ہیں۔ انہیں دو نیشنل فلم ایوارڈز اور کئی فلم فیئر ایوارڈز سمیت متعدد اعزازات حاصل ہیں، اور وہ عالمی سطح پر بھی سب سے زیادہ سنے جانے والی گلوکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔

شیئر: