Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی شہر سان ہوزے میں فٹبال ورلڈ کپ فین زون کے قریب فائرنگ، ایک شخص ہلاک

سان ہوزے میں ورلڈ کپ کے میچ دکھانے کے لیے درجنوں فین زون قائم کیے گئے ہیں: فائل فٹو اے ایف پی
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ہوزے میں واقع ایک مقبول تفریحی مقام پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق شہر کے علاقے سان پیڈرو سکوائر میں یہ مقام فیفا ورلڈ کپ کے دوران فین زون کے طور پر بھی استعمال ہو رہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے وقت وہاں ورلڈ کپ کا کوئی میچ بڑی سکرین پر نہیں دکھایا جا رہا تھا اور اس روز ٹورنامنٹ کا واحد میچ مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً دو بجے ختم ہو چکا تھا۔
سان ہوزے پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا کہ ایک متاثرہ شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ دوسرے زخمی کو تشویشناک حالت میں مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش قتل کے مقدمے کے طور پر کی جا رہی ہے اور اردگرد کی متعدد سڑکیں بند کر دی گئی ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے ایک صحافی نے موقعے پر پولیس کی بھاری نفری، متعدد پولیس گاڑیاں اور ایک زخمی شخص کو سٹریچر پر دیکھا۔
ایک سکیورٹی گارڈ نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ انھوں نے زخمی شخص کو شدید تکلیف میں دیکھا۔
انہوں نے کہا، ’وہ مسلسل کراہ رہا تھا۔ اس کی گردن اور کمر کے اوپری حصے کے اردگرد خون موجود تھا، جبکہ پولیس اہلکار سکیورٹی عملے اور چند عینی شاہدین سے پوچھ گچھ کر رہے تھے۔‘
سان ہوزے کے سان فرانسسکو بے ایریا میں ورلڈ کپ کے میچ دکھانے کے لیے درجنوں فین زون قائم کیے گئے ہیں۔

شیئر: