جرمنی میں یوتھ ویلفیئر سینٹر میں فائرنگ سے 6 افراد ہلاک
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی حفاظت کے پیشِ نظر متاثرہ علاقے سے دور رہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
جرمن پولیس کے مطابق شمالی جرمنی میں پیر کے روز ایک یوتھ سینٹر میں فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پولیس نے ابتدائی طور پر اس واقعے کو بظاہر ’خاندانی المیہ‘ قرار دیا ہے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام افراد بالغ ہیں، جبکہ ایک زخمی کی حالت مستحکم ہے۔
واقعے کے مرکزی مشتبہ ملزم، جو ایک مرد ہے، کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ دو دیگر افراد کو بھی واقعے سے ممکنہ تعلق کے شبہے میں حراست میں لیا گیا ہے۔
شمالی جرمنی کے شہر سٹیڈ میں یوتھ ویلفیئر سینٹر میں فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس اور ایمبولینسوں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
پولیس نے بتایا کہ شہر کے ایک یوتھ ویلفیئر سینٹر میں فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔ ابتدائی طور پر 5 ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی تھی، تاہم بعد ازاں ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی۔
پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث مرکزی مشتبہ ملزم اور ایک دوسرے مبینہ شریک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال عوام کو کسی قسم کا خطرہ لاحق نہیں ہے۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس نے سٹیڈ میں بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا۔ تقریباً 50 ہزار آبادی والا یہ شہر دریائے ایلبے کے کنارے، ہیمبرگ سے تقریباً 50 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔
مقامی میڈیا کی تصاویر میں جائے وقوعہ پر پولیس اور ایمبولینسوں کی بڑی تعداد دیکھی گئی، جبکہ ہیلی کاپٹر بھی علاقے میں نگرانی کرتے رہے۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی حفاظت کے پیشِ نظر متاثرہ علاقے سے دور رہیں۔
