Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خانہ کعبہ کو غسل دینے کی روح پرور تقریب تین مرحلوں میں مکمل

بیت اللہ شریف کو غُسل دینے کی تقریب آج ہو گئی ہے جو تین بڑے مرحلوں میں مکمل ہوئی جن میں حد درجے کی احتیاط اور باریک بینی سے کام لیا گیا جو اِس عظیم المرتبت مقام اور اُس کے احترام کا ایک اظہار ہے جو اللہ کے گھر سے وابستہ ہے۔
 
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، کعبۃ اللہ کے غُسل کے اہتمام کے لیے ہر چیز کو عین اُسی طرح مکمل کرنا ہوتا ہے جیسا کہ پہلے سے طے کیا گیا ہو۔ اسں میں 15 لیٹر آبِ زمزم، 15 لیٹر عرقِ گلاب، 15 لیٹر روغنِ گلاب اور 100 مِلی لیٹر عود کا تیل استعمال ہوتا ہے۔
غُسلِ کعبہ کی تیاری کے اِن تین بڑے مراحل میں پہلے بیت اللہ کو غُسل دیا جاتا ہے پھر اُسے خشبویات سے معطر کیا جاتا ہے جبکہ تیسرے مرحلے میں بخُور جلائے جاتے ہیں۔
 
حرمینِ شریفین کی دیکھ بھال اور نگہداشت کی جنرل اتھارٹی نے کہا ہے کہ غُسلِ کعبہ کے ہر مرحلے پر پہلے سے طے شدہ طریقِ عمل کے عین مطابق کام کیا جاتا ہے جو اللہ کے گھر کے شایانِ شان اور مسلمانوں کے دلوں میں اِس جلیل القدر مقام کی انتہائی گہری عقیدت اور احترام کی عکاسی کرتا ہے۔
 
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ غسلِ  کعبہ کے لیے جو اشیا درکار ہوتی ہیں اُن کا انتخاب بھی بہت دیکھ بھال سے اور جدید اور اعلٰی ترین معیار کے مطابق پہلے ہی سے کر لیا جاتا ہے۔

شیئر: