’سام سنگ‘ کا نیا ’گلیکسی زی فولڈ ایٹ الٹرا‘ لانچ رواں ماہ متوقع مگر اس کے فیچرز کیا ہیں؟
’سام سنگ‘ کا نیا ’گلیکسی زی فولڈ ایٹ الٹرا‘ لانچ رواں ماہ متوقع مگر اس کے فیچرز کیا ہیں؟
ہفتہ 4 جولائی 2026 15:25
معلومات کے مطابق ’گلیکسی زی فولڈ ایٹ الٹرا‘ کئی اہم اپ گریڈز کے ساتھ آئے گا (فوٹو: فون ایرینا)
مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ’سام سنگ‘ اپنا نیا فولڈ ایبل سمارٹ فون ’گلیکسی زی فولڈ ایٹ الٹرا‘ رواں ماہ متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے جس کی ممکنہ لانچ 22 جولائی کو متوقع ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’فون ایرینا‘ کے مطابق اگرچہ کمپنی نے اس بار ’الٹرا‘ برانڈنگ اختیار کی ہے تاہم یہ درحقیقت گلیکسی ’زی فولڈ سیون‘ کا جانشین ہوگا۔
لیک ہونے والی معلومات کے مطابق ’گلیکسی زی فولڈ ایٹ الٹرا‘ کئی اہم اپ گریڈز کے ساتھ آئے گا، جن میں سب سے نمایاں اس کی بہتر اور زیادہ شارپ اندرونی سکرین ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ فون کی مین فولڈ ایبل ڈسپلے کی ریزولوشن میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے جس سے تصاویر، ویڈیوز اور ٹیکسٹ پہلے سے زیادہ واضح نظر آئیں گے۔
نئے ماڈل میں پانچ ہزار ایم اے ایچ بیٹری دیے جانے کی اطلاعات ہیں، جو گزشتہ ماڈل کی چار ہزار 400 ایم اے ایچ بیٹری کے مقابلے میں تقریباً 14 فیصد بڑی ہوگی۔ اس کے ساتھ 45 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ بھی متوقع ہے، جو ’فولڈ سیون‘ کی 25 واٹ چارجنگ کے مقابلے میں نمایاں بہتری سمجھی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق سام سنگ نے بڑی بیٹری کے باوجود فون کو مزید پتلا اور ہلکا رکھنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ’فولڈ ایٹ الٹرا‘ کھلنے پر صرف 4.1 ملی میٹر موٹا ہوگا جبکہ وزن تقریباً دو سو 15 گرام برقرار رکھا جائے گا۔
کیمرہ سسٹم میں بھی اہم تبدیلی متوقع ہے۔ الٹرا وائیڈ کیمرے کو 12 میگا پکسل سے بڑھا کر 50 میگا پکسل کیا جا رہا ہے، جبکہ دو سو میگا پکسل مین کیمرہ اور 10 میگا پکسل ٹیلی فوٹو لینس برقرار رہنے کا امکان ہے۔
’سام سنگ‘ دونوں ’فولڈ ایٹ‘ ماڈلز میں فرنٹ کیمروں کے سائز کو بھی کم کر رہا ہے، جس سے سکرین پر کیمرے کی موجودگی کم نمایاں ہوگی اور ویڈیوز دیکھنے یا گیمنگ کے دوران بہتر تجربہ حاصل ہوگا۔
رنگوں کے حوالے سے ’گلیکسی زیڈ فولڈ ایٹ الٹرا‘ کالے، سفید اور پرپل رنگوں میں دستیاب ہوگا، جبکہ نیلا رنگ صرف آن لائن خصوصی ایڈیشن کے طور پر پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
’سام سنگ‘ نے بڑی بیٹری کے باوجود فون کو مزید پتلا اور ہلکا رکھنے میں کامیابی حاصل کی ہے (فوٹو: فون ایرینا)
اہم بات یہ ہے کہ ’فولڈ ایٹ الٹرا‘ میں ’ایس پین سپورٹ‘ کی واپسی متوقع ہے، جو گزشتہ ماڈل میں موجود نہیں تھی۔ اس فیچر کی واپسی سے فون کو پروفیشنل اور پروڈکٹیوٹی صارفین کے لیے مزید پرکشش قرار دیا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ ’سام سنگ‘ فولڈ ایبل سکرین پر موجود کریز (لکیر) کو بھی نمایاں حد تک کم کرنے پر کام کر رہا ہے۔ اگر کمپنی اس دعوے پر پورا اترتی ہے تو یہ فولڈ ایبل فونز کے حوالے سے صارفین کی ایک بڑی شکایت کا خاتمہ ثابت ہو سکتا ہے۔
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق ’گلیکسی زیڈ فولڈ ایٹ الٹرا‘ سام سنگ کے اب تک کے سب سے جدید اور طاقتور فولڈ ایبل سمارٹ فونز میں شمار ہو سکتا ہے، جو بڑھتے ہوئے مقابلے کے دور میں کمپنی کی پوزیشن مزید مضبوط بنانے کی کوشش ہے۔