Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

15 سالہ ویبھو سوریہ ونشی نے سچن ٹنڈولکر کا 37 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا، انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو

ویبھو سوریہ ونشی نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں انڈین ٹیم کی جانب سے ڈیبیو کیا (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے نوجوان بیٹر ویبھو سوریہ ونشی نے محض 15 سال اور 99 دن کی عمر میں انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
اس پیش رفت کے بعد وہ انڈیا کی نمائندگی کرنے والے مرد یا خواتین کرکٹرز میں سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے ہیں۔
ویبھو سوریہ ونشی نے انگلینڈ کے خلاف مانچسٹر میں کھیلے گئے دوسرے ٹی20 میچ میں انڈین ٹیم کی جانب سے ڈیبیو کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے لیجنڈری بلے باز سچن ٹنڈولکر کا 37 سال پرانا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
سچن ٹنڈولکر نے سنہ 1989 میں پاکستان کے خلاف 16 سال 205 دن کی عمر میں انڈیا کے لیے پہلا بین الاقوامی میچ کھیلا تھا۔
اس سے قبل انڈیا کی جانب سے سب سے کم عمر خاتون انٹرنیشنل کرکٹر کا اعزاز شفالی ورما کے پاس تھا، جنہوں نے 15 سال 239 دن کی عمر میں انڈین ٹیم میں جگہ بنائی تھی۔ تاہم اب مجموعی طور پر انڈیا کے کم عمر ترین انٹرنیشنل کھلاڑی کا ریکارڈ ویبھو سوریہ ونشی کے نام ہو گیا ہے۔
انڈین کپتان شریاس آئیر نے میچ سے قبل نوجوان بلے باز کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ’ویبھو گزشتہ چند ماہ سے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور ٹیم میں جگہ کے مکمل حقدار ہیں۔‘
ان کے مطابق ’نوجوان کھلاڑی دباؤ کو خاطر میں نہیں لاتے اور نیٹ سیشنز میں بڑے اعتماد کے ساتھ باؤلرز کا سامنا کرتے ہیں۔‘
ویبھو سوریہ ونشی نے حال ہی میں انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے راجستھان رائلز کی جانب سے 776 رنز بنائے۔ انہوں نے 237.30 کے حیران کن سٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کی، ایک سنچری اور پانچ نصف سنچریاں سکور کیں جبکہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 72 چھکے بھی لگائے۔
ان کی شاندار کارکردگی پر انہیں آئی پی ایل کے متعدد بڑے اعزازات سے نوازا گیا، جن میں اورنج کیپ، موسٹ ویلیوایبل پلیئر، ایمرجنگ پلیئر، سپر سٹرائیکر اور سپر سکسز ایوارڈ شامل ہیں۔

ویبھو سوریہ ونشی اب تک 34 ٹی20 میچز میں ایک ہزار 477 رنز بنا چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

رواں سال سری لنکا میں منعقدہ سہ ملکی اے ٹیم ٹورنامنٹ میں بھی ویبھو نے پانچ اننگز میں 211 رنز سکور کیے جبکہ سری لنکا اے کے خلاف صرف 11 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر لسٹ اے کرکٹ کی تیز ترین ففٹی کا ریکارڈ قائم کیا۔
ویبھو سوریہ ونشی کی مجموعی ٹی20 کارکردگی بھی انتہائی متاثر کن رہی ہے۔ وہ اب تک 34 ٹی20 میچز میں ایک ہزار 477 رنز بنا چکے ہیں، جن میں چار سنچریاں اور چھ نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کا سٹرائیک ریٹ 220 سے زائد ہے۔
آئی پی ایل کیریئر میں بھی نوجوان بیٹر 23 میچز میں ایک ہزار 28 رنز بنا چکے ہیں، جن میں دو سنچریاں، چھ نصف سنچریاں اور 96 چھکے شامل ہیں۔
بین الاقوامی سطح پر سب سے کم عمر ڈیبیو کرنے والے مرد کرکٹر کا عالمی ریکارڈ پاکستان کے حسن رضا کے پاس ہے، جنہوں نے 14 سال 227 دن کی عمر میں ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھا تھا، جبکہ مجموعی طور پر سب سے کم عمر انٹرنیشنل کرکٹر رومانیہ کے ماریان گیریسم ہیں، جنہوں نے 14 سال 16 دن کی عمر میں ٹی20 انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق ویبھو سوریہ ونشی کو انڈین کرکٹ کا مستقبل قرار دیا جا رہا ہے اور ان کے ڈیبیو کو انڈین کرکٹ کے ایک نئے دور کا آغاز سمجھا جا رہا ہے۔
 

شیئر: