Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کوچ نے اپنا وعدہ توڑا‘، رونالڈو نے پرتگال کا کیمپ چھوڑنے کی وجہ بتا دی

کرسٹیانو رونالڈو نے کہا ہے کہ وہ پرتگال کی قومی ٹیم سے ریٹائر نہیں ہو رہے (فائل فوٹو: ای پی اے)
پرتگال کے سٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑنے پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ ہیڈ کوچ جارج جیزس نے ان سے کیے گئے وعدے کی دو مرتبہ پاسداری نہیں کی۔
سعودی کلب النصر کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے انسٹاگرام پر تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پرتگال کی قومی ٹیم سے ریٹائر نہیں ہو رہے اور ممکنہ معطلی کی سزا پوری کرنے کے بعد بھی قومی ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گے۔
رونالڈو نے لکھا، ’اگر میں جسمانی طور پر فٹ ہوں، اپنے کلب کے لیے کھیل رہا ہوں اور گول کر رہا ہوں، تو ممکنہ معطلی پوری کرنے کے بعد میں قومی ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گا، جیسا کہ آج تک ہمیشہ رہا ہوں۔‘
اسکائی سپورٹس کے مطابق جارج جیزس نے اس سے قبل رونالڈو اور اپنے درمیان اختلافات کی تردید کی تھی، تاہم اتوار کو انہوں نے کہا کہ ’رونالڈو کی قومی ٹیم میں واپسی کا دروازہ اب بھی کھلا ہے۔‘
رونالڈو 27 ستمبر کو ناروے کے خلاف پرتگال کی 2-1 سے کامیابی میں متبادل کھلاڑی رہے اور میدان میں نہیں اترے۔ اس کے بعد وہ ڈنمارک کے خلاف میچ سے قبل کوپن ہیگن میں قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑ گئے۔

رونالڈو نے کیمپ کیوں چھوڑا؟

رونالڈو کے مطابق جارج جیزس سے فٹنس مینجمنٹ کے حوالے سے ایک منصوبہ طے ہوا تھا، جس کے تحت وہ ناروے اور ڈنمارک کے خلاف میچز نہیں کھیلیں گے۔
تاہم ناروے کے خلاف میچ کے روز جیزس نے انہیں 30 منٹ کھیلنے کی بات کی۔
رونالڈو نے لکھا، ’میں نے ہاف ٹائم سے وارم اپ شروع کیا، منٹ گزرتے دیکھتا رہا لیکن مجھے میدان میں نہیں بلایا گیا۔ کوچ نے اپنا وعدہ توڑ دیا۔‘
ان کے مطابق میچ کے بعد جیزس سے ملاقات ہوئی، جس میں النصر کے سپورٹس ڈائریکٹر سیماؤ کوتینہو بھی موجود تھے۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ جیزس آئندہ پریس کانفرنس میں وضاحت کریں گے کہ رونالڈو نے کھیلنے کے وقت کا مطالبہ نہیں کیا تھا اور انہیں وارم اپ کروانے کے باوجود میدان میں نہ اتارنا کوچ کی غلطی تھی۔
رونالڈو کا کہنا ہے کہ جیزس کی پریس کانفرنس میں وہ باتیں بیان نہیں کی گئیں جن پر نجی ملاقات میں اتفاق ہوا تھا۔
انہوں نے کہا، ’یہ دوسری مرتبہ تھا جب انہوں نے اپنا وعدہ توڑا۔ میں نے مزید وعدہ خلافی کا انتظار کیے بغیر ٹریننگ کیمپ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔‘

رونالڈو کی معذرت 

رونالڈو نے ناروے کے خلاف میچ کے بعد پرتگالی شائقین کی جانب ہاتھ نہ ہلانے اور ٹیم کا کیمپ چھوڑنے پر اپنے ساتھی کھلاڑیوں اور پرتگالی عوام سے معذرت کی۔
انہوں نے کہا کہ پرتگالی فٹ بال فیڈریشن ان کے اقدام کے نتائج کا جائزہ لے اور انہیں سزا دے، کیونکہ وہ کسی رعایت کے خواہش مند نہیں ہیں۔

رونالڈو نے بتایا کہ 2026 ورلڈ کپ کے بعد انہوں نے قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا خط تیار کر لیا تھا.(فوٹو:اے ایف پی)

قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا ارادہ نہیں

رونالڈو نے کہا کہ ان کا قومی ٹیم کے ساتھ سفر صرف ایک الوداعی میچ تک محدود نہیں ہوگا۔
انہوں نے لکھا، ‘میں اپنے تمام مداحوں اور خاص طور پر تمام پرتگالی عوام سے وعدہ کر سکتا ہوں کہ ایک یا ایک سے زیادہ الوداعی میچ ہوں گے، اس کے لیے وقت ہوگا۔ لیکن جب میں قومی ٹیم کے بارے میں سوچتا ہوں تو میرے ذہن میں مقابلہ کرنا آتا ہے۔’
رونالڈو نے بتایا کہ 2026 ورلڈ کپ کے بعد انہوں نے قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا خط تیار کر لیا تھا، تاہم پرتگالی فٹبال فیڈریشن کے صدر پیڈرو پروئنسا نے انہیں اپنا فیصلہ تبدیل کرنے پر آمادہ کیا۔
رونالڈو کے مطابق بعد میں جب ان سے نئے کوچ کے انتخاب کے بارے میں رائے لی گئی تو انہوں نے جارج جیزس کو درست انتخاب قرار دیا تھا۔
رونالڈو پرتگال کی جانب سے 234 میچز میں 146 گول کر چکے ہیں اور دونوں اعتبار سے مردوں کی عالمی فٹبال میں قومی ٹیم کے ریکارڈ ہولڈر ہیں۔

شیئر: