فیفا کا ایک اور اپ سیٹ، پانچ بار کا چیمپیئن برازیل ناروے کے ہاتھوں ناک آؤٹ
فیفا کا ایک اور اپ سیٹ، پانچ بار کا چیمپیئن برازیل ناروے کے ہاتھوں ناک آؤٹ
پیر 6 جولائی 2026 5:54
ایونٹ سے باہر ہونے پر برازیل کے کھلاڑی شدید مایوسی اور دکھ کا شکار دکھائی دیے (فوٹو: اے ایف پی)
فیفا ورلڈ کپ ایک اور بڑا اپ سیٹ سامنے آیا ہے کیونکہ ناروے نے پانچ بار عالمی چیمپیئن رہنے والے برازیل کو شکست دیتے ہوئے نہ صرف ایونٹ سے باہر کر دیا بلکہ خود کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی شہر نیو جرسی میں کھیلے گئے میچ میں ناروے کی ٹیم نے دو گول کیے جبکہ برازیل کے کھلاڑی اپنی تمام کوششوں کے باوجود صرف ایک ہی گول کر پائے۔
ناروے کی جانب سے دونوں بار بال ایرنلنگ ہالینڈ نے گول پوسٹ میں پھینکی۔
انہوں نے پہلا گول 79 ویں جبکہ دوسرا 90 ویں منٹ میں کیا۔
اسی طرح برازیلین ٹیم کی جانب سے کیا جانے والا واحد گول بالکل آخری وقت میں نیمار جونیئر نے پنالٹی کِک کے ذریعے کیا۔
ناروے کی ٹیم پہلی بار کوارٹر فائنل میں پہنچی ہے جبکہ برازیل کا سفر اختتام پذیر ہو گیا۔
اس تاریخی میچ کا فیصلہ سامنے آتے ہی سٹیڈیم میں موجود ہزاروں لوگوں نے کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر بھرپور جشن منایا۔
دونوں میچ کرنے والے ایرنلنگ ہالینڈ نے میدان میں ڈرم بجا کر جشن منایا (فوٹو: اے ایف پی)
اس موقع پر فاتح ٹیم کے کوچ اسٹیل سولبے تالیاں بجاتے ہوئے شائقین کو جوش دلاتے رہے اس کے بعد کھلاڑیوں کے روایتی انداز میں ڈرم کی تھاپ پر خوشی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر میچ کے ہیرو ایرلنگ ہالینڈ نے ڈرم بجایا اور پورا سٹیڈم تالیوں سے گونج اٹھا۔
اسی طرح ناروے میں گھروں کے اندر ٹی وی میچ دیکھنے والے بھی گھروں سے نکل آئے اور سڑکوں پر خوشی کا اظہار کیا۔
دوسری جانب شکست پر برازیل کے کھلاڑی کافی مایوسی کا شکار دکھائی دیے اور اس کے سٹار کھلاڑی نیمار کو روتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
ناروے کی ٹیم پہلی بار کوارٹر فائنل میں پہنچی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
اب کوارٹر فائنل میں ناروے انگلینڈ یا میکسیکو میں کسی ایک کے ساتھ ہو گا۔
فیفا ورلڈ کپ کا ہی ایک اور اپ سیٹ 30 جون اس وقت سامنے آیا تھا جب پیراگوئے نے چار بار عالمی چیمپیئن رہنے والے جرمنی کو ہراتے ہوئے ایونٹ سے باہر کر دیا تھا اس میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ کے ذریعے ہوا تھا۔