Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جاپان میں ہاؤس میٹ کے ’ہونٹ سُوئی دھاگے سے سینے‘ والی خاتون گرفتار

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
جاپان میں پولیس نے ایک ایسی خاتون کو گرفتار کیا ہے جس نے مبینہ طور پر دوسری خاتون کے ہونٹوں کو سُوئی دھاگے سے آپس میں سی دیا تھا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ متاثرہ اور ملزمہ خواتین ایک ساتھ ہی رہائش پذیر تھیں اور واقعہ ٹوکیو شہر کے قریبی علاقے کوگا میں پیش آیا۔
پولیس افسر موکوٹو ہیامہ نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ جرم کا نشانہ بننے والے 42 سالہ خاتون کسی طرح گھر سے نکلنے میں کامیاب ہوئی اور قریبی سٹور پر جا کر ایک کاغذ پر ’پلیز میری مدد کریں‘ لکھ کر لوگوں کو دکھایا۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ لوگوں نے ان کی مدد کی اور پولیس کو مطلع کر دیا جس کے بعد حکام متاثرہ خاتون کی جانب سے بتائے گئے پتے پر پہنچے جہاں سے 49 سالہ مسائے سکورنی نامی خاتون کو ’حملے کے شبہے میں‘ گرفتار کیا گیا۔
متاثرہ خاتون اسی خاتون کے ساتھ ایک گھر میں رہائش پذیر تھیں جہاں 29 جون وہ واقعہ پیش آیا جس میں انہوں نے دوسری خاتون کے ہونٹوں کو ’سوئی دھاگے کی مدد سے سی‘ دیا تھا۔
تاہم رپورٹ میں یہ وضاحت موجود نہیں کہ واقعے کی وجہ کیا تھی اور خاتون نے 29 جون کے بعد سے اتنے دن اسی حالت میں کیسے گزارے۔
پولیس افسر موکوٹو ہیامہ کے مطابق پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے جبکہ اس غیر مصدقہ اطلاع کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے جس کے مطابق گھر میں ایک تیسرا شخص بھی رہتا تھا۔
نشریاتی ادارے این ایچ کے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’زخمی خاتون نے پولیس کو بتایا کہ دوسری خاتون نے کسی بات پر ناراض ہوتے ہوئے ان کے ہونٹوں کو سِیا تھا۔‘

 

شیئر: