Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہمارا مشرقی ہمسایہ دہشت گرد تنظیموں کو اسلحہ اور پیسہ فراہم کر رہا ہے: شہباز شریف

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، آخری فسادی اور دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
جمعرات کو کوئٹہ میں صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں پولیس، فوج کے جوان اور شہری شہید ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’بلوچستان میں 54 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا، آخری فسادی اور دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔‘
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان نے قربانیاں دیں اور خون کا نذرانہ پیش کیا، پوری قوم افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ 
’دہشت گردی کے واقعات میں ہمارے مشرقی ہمسائے کا ہاتھ ہے، دہشت گرد تنظیموں کو اسلحہ اور پیسہ فراہم کیا جا رہا ہے، آخری فسادی اور دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد افغان سرزمین استعمال کر رہے ہیں، خیبر پختونخوا میں بھی دہشت گرد کارروائیوں میں خارجی ملوث ہیں، سیاسی و عسکری قیادت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مکمل یکسو ہے۔‘
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’سیاسی و عسکری قیادت کا عزم ہےکہ مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے، ہم نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے۔‘
انہوں ںے اس حوالے سے یہ بھی کہا کہ ’گذشتہ سال مئی میں معرکۂ حق میں فتح اور پاکستان کی سفارتی کامیابیاں دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہیں۔‘
’دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، شہدا کی قربانیاں ضروررنگ لائیں گی۔ پاکستان جلد ترقی اور خوش حالی کا گہوارہ بنے گا۔‘
واضح رہے کہ بلوچستان کی امن و امان کی مجموعی صورت حال پر غور کے لیے کوئٹہ میں وزیراعظم کی زیرَصدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔
ان کے علاوہ گورنر، وزیراعلیٰ بلوچستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان، وفاقی وزرا عطا تارڑ، احد چیمہ اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
 

شیئر: