Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ 2026: سُپرسٹارز کی ٹیمیں آج کوارٹر فائنلز میں مدمقابل، شائقین پُرجوش

انگلینڈ کے کپتان ہیری کین اور ناروے کے سٹار سٹرائیکر ارلنگ ہالینڈ کے درمیان مقابلہ شائقین کی توجہ کا مرکز ہوگا (فائل فوٹو: اے پی)
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوارٹر فائنل مرحلے کے آخری دو اہم مقابلے آج کھیلے جائیں گے، جن کے بعد سیمی فائنل کی چاروں ٹیموں کا فیصلہ ہو جائے گا۔
پہلے میچ میں انگلینڈ اور ناروے کی مضبوط ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، جہاں دنیا کے دو بہترین سٹرائیکرز ہیری کین اور ارلنگ ہالینڈ کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا، جبکہ دوسرے کوارٹر فائنل میں دفاعی عالمی چیمپئن ارجنٹائن کا سامنا سوئٹزرلینڈ سے ہوگا۔
دونوں میچوں کے فاتح سیمی فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گے۔

انگلینڈ بمقابلہ ناروے

پہلا کوارٹر فائنل پاکستانی وقت کے مطابق اتوار کی صبح دو بجے امریکی ریاست فلوریڈا کے میامی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس میچ میں انگلینڈ کے کپتان ہیری کین اور ناروے کے سٹار سٹرائیکر ارلنگ ہالینڈ کے درمیان مقابلہ شائقین کی توجہ کا مرکز ہوگا۔
دونوں فارورڈز ٹورنامنٹ میں شاندار فارم میں ہیں، جہاں ہیری کین اب تک چھ جبکہ ہالینڈ سات گول کر چکے ہیں۔
انگلینڈ نے پری کوارٹر فائنل میں میکسیکو کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دے کر آخری آٹھ ٹیموں میں جگہ بنائی، جبکہ ناروے نے برازیل کو 1-2 سے ہرا کر اپنی تاریخ میں پہلی بار ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔
اس میچ میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم سیمی فائنل میں ارجنٹائن اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان ہونے والے مقابلے کی فاتح ٹیم سے ٹکرائے گی۔

ارجنٹائن بمقابلہ سوئٹزرلینڈ

دوسرا کوارٹر فائنل پاکستانی وقت کے مطابق اتوار کی صبح چھ بجے امریکی شہر کینساس سٹی کے سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں دفاعی عالمی چیمپئن ارجنٹائن کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ سے ہوگا۔

دوسرے کوارٹر فائنل میں دفاعی عالمی چیمپئن ارجنٹائن کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ سے ہوگا (فائل فوٹو: روئٹرز)

ارجنٹائن ایونٹ میں اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے مسلسل دوسرے ورلڈ کپ ٹائٹل کی جانب پیش قدمی کرنا چاہتا ہے، جبکہ سوئٹزرلینڈ ایک اور بڑی ٹیم کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
دونوں ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ہے اور اب ان کی نظریں سیمی فائنل پر مرکوز ہیں۔ اس مقابلے کی فاتح ٹیم کو سیمی فائنل میں انگلینڈ اور ناروے کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم کا سامنا کرنا پڑے گا، جس کے باعث دونوں کوارٹر فائنلز آپس میں جڑے ہوئے ہیں اور شائقین کو دو انتہائی دلچسپ مقابلوں کی توقع ہے۔
اس سے قبل کھیلے گئے کوارٹر فائنلز میں فرانس اور سپین کامیابی حاصل کر کے سیمی فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنا چکے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ انگلینڈ، ناروے، ارجنٹائن اور سوئٹزرلینڈ میں سے کون سی دو ٹیمیں آخری چار میں جگہ بنا کر ٹائٹل کی دوڑ میں اپنی امیدیں برقرار رکھتی ہیں۔

شیئر: