وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل سے ملاقات، تعاون بڑھانے پر اتفاق
پیر کو پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل کی ملاقات ہوئی (فوٹو: ایکس)
پاکستان اور امریکہ نے دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام اور سائبر تحقیقات کے شعبوں میں وسائل کی فراہمی اور خصوصی تربیت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
پیر کو پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کے ڈائریکٹر کاش پٹیل کی ملاقات ہوئی۔
کاش پٹیل نے محسن نقوی کے ساتھ مصافحہ کرنے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی کا ایف بی آئی ہیڈکوارٹرز میں خیرمقدم کرنا میرے لیے باعثِ اعزاز تھا۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’ملاقات کے دوران اندرون اور بیرون ملک دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام اور سائبر تحقیقات کے لیے وسائل کی فراہمی اور خصوصی تربیت سے متعلق اہم بات چیت ہوئی۔‘
کاش پٹیل کے مطابق ’ایف بی آئی خطے میں امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے پاکستان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، پاکستان اور امریکہ کے درمیان شراکت داری نہایت اہم ہے اور میں مستقبل میں مزید کامیاب تعاون کے لیے پُر اُمید ہوں۔‘
وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایف بی آئی ہیڈکوارٹرز میں یہ ملاقات پیر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے ’چیفس آف پولیس سمٹ‘ سے ان کے خطاب کے بعد ہوئی، جہاں انہوں نے شدت پسندی، انسانی سمگلنگ اور سائبر جرائم سے نمٹنے کے لیے دنیا بھر کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے درمیان مضبوط شراکت داری پر زور دیا تھا۔
سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا تھا کہ ’جرائم پیشہ عناصر نئی ٹیکنالوجیز سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، اس لیے ممالک کو چاہیے کہ وہ معلومات کے تبادلے کو تیز کریں، جدید ٹیکنالوجی اپنائیں اور بدلتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پولیس کی تربیت کو مزید مؤثر بنائیں۔‘
