الجزائر میں سانحہ آتشزدگی پر سعودی عرب کی تعزیت
جمعہ 17 جولائی 2026 20:43
سانحہ میں بچوں سمیت 11 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوئے (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے الجزائر کے دارالحکومت میں واقع بچوں کے نگہداشت کے مرکز میں ہونے والی آتشزدگی پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اس المناک سانحے پر الجزائر کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
بیان میں سانحے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
دریں اثنا عرب میڈیا کے مطابق الجزائر کے دارالحکومت کے مشرق میں واقع بچوں کے نگہداشت کے مرکز (یتیم خانے) میں ہونے والی آتشزدگی کے سانحے میں 11 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوئے۔ ہلاک و زخمیوں میں متعدد بچے بھی شامل ہیں۔
اس ضمن میں الجزائری شہری دفاع کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی متعدد یونٹس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جنہوں نے آگ پر قابو پانے کی کارروائیوں کا آغاز کرتے ہوئے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں ہسپتال منتقل کردیا۔ آگ پر قابو پانے کے بعد کولنگ کا عمل شروع کیا گیا۔
